سینیٹ اجلاس، سانحہ مستونگ کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی

پیر 16 جولائی 2018 20:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) سینیٹ میں سانحہ مستونگ کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ پیر کو سینیٹ اجلاس میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شیری رحمن نے سانحہ مستونگ کے حوالے سے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ پر پورا پاکستان غمزدہ ہے۔ انتخابات کے دوران یہ ملکی تاریخ کا المناک ترین سانحہ ہے جس میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار نوابزادہ سراج رئیسانی سمیت 119 افراد شہید ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

نوابزادہ سراج رئیسانی بہادر محب وطن پاکستانی تھے، قوم اپنی سرزمین کے حقیقی بیٹے سے محروم ہو گئی ہے، بدقسمتی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے بہادر شہریوں کی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ یہ ایوان پاکستانی قوم کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے رئیسانی خاندان اور سانحہ مستونگ کے دیگر شہداء کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ملک سے دہشت گردی کو شکست دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔اراکین سینیٹ کی جانب سے اس قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔