بھارت فوجی قبضے کو دوام بخشنے کیلئے نہتے کشمیریو ں کو شہید کررہا ہے، شبیر احمد ڈار

کشمیری عوام شہداء کے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پرجاری رکھیں گے،چیئرمین مسلم کانفرنس

پیر 16 جولائی 2018 20:08

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میںمسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈارنے کہا ہے کہ بھارت اپنے فوجی قبضے کو دوام بخشنے کیلئے منصوبہ بند طریقے سے نہتے کشمیریو ں کو شہید کررہا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد ڈاراورانٹر نیشنل فورم فار جسٹس کے سربراہ محمد احسن انتو حال ہی میںبھارتی فورسز کے ہاتھوںشہیدہونے والے طالب علم عبید منظورکے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے نادی ہل رفیع آباد میں ان کے گھر گئے۔

شبیر احمد ڈار نے اس موقع پر عبید منظور کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے معصوم نوجوانوںکے خون سے کشمیر کو لالہ زار بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرست بھارتی حکومت یہ سب کچھ اپنے عوام کو دھوکے میں رکھ کرآئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ترہگام اورنادی ہل میں گولی چلانے اور معصوم نوجوانوں کو شہید کرنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی ۔

شبیر احمدڈار نے کہاکہ شہید عبید کے دو چچیرے بھائی شہید دا نش منظور اور وسیم نذیر بھی دو سال پہلے قاتل فورسزکی گولیوں کا نشانہ بنے تھے۔انہوں نے کہاکہ ترہگام اور نادی ہل کے واقعات شوپیان، کولگام، ترال ، پلوامہ اوروادی کشمیر کے دیگر مقامات پرجاری خونی کھیل کا تسلسل ہے۔انہوںنے کہا کہ ان مظالم سے بھارت تحریک آزادی کشمیر کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا بلکہ کشمیری عوام شہداء کے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پرجاری رکھیں گے۔