بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کپواڑہ میں ایک نوجوان شہید ،نئی دلی کی عدالت نے آسیہ اندرابی کوساتھیوں سمیت تہاڑ جیل بھیج دیا

پیر 16 جولائی 2018 20:08

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تارزہ کارروائی کے دوران آج ضلع کپواڑہ میںایک اورکشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نوجوان کو بھارتی فوج نے ضلع کے علاقے صفاوالی گلی میں ایک پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔اسی علاقے میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران ایک حملے میں دو بھارتی فوجی زخمی ہو گئے تھے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے معروف کشمیری صحافی عاقب جاوید کو نئی دلی طلب کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے صحافیوں کو ہراساں اور خوفزدہ کرنے کی ایک سازش قراردیا ہے ۔

(جاری ہے)

حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیشن سے اپیل کی کہ وہ نئی دلی کی تہاڑ جیل میں نظربند کشمیری حریت رہنمائوں کی حالت زار کا نوٹس لے ۔

فوجیوںنے ضلع شوپیان کے علاقوں حیف اور Maldairسے تین نوجوانوںشاکر پڈر، Shaeelاحمد وانی اور سہیل احمد کو گرفتار کرلیا ہے۔یہ نوجوان شہید صدام پڈر ،ناصر احمدوانی اور عرفان الحق کے بھائی ہیں۔بھارتی پولیس نے جاری جدوجہد کشمیر سے ہمدردی رکھنے پر بارہمولہ قصبے میں پرائیویٹ سکولوں کے بارہ سے زائد اساتذہ کو گرفتار کرلیا ہے۔ بھارتی پولیس نے آزادی پسند رہنماء مشتاق الاسلام کو سرینگر کے علاقے بٹہ مالو میں انکے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیاہے۔

تحریک حریت جموںوکشمیر کے ایک وفد شہید نوجوان نثار احمد بٹ کے اہلخانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کے اظہار کیلئے جنوبی کشمیر کے علاقے Kradشانگس گیا۔نئی دلی کی ایک عدالت نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو انکی ساتھیوںفہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین سمیت بھارت کے خلاف جنگ کے الزام میں ایک ماہ کیلئے جوڈیشل حراست میں دیدیا ہے ۔ آسیہ اندرابی کو اپنی ساتھیوں کے ہمراہ آج نئی دلی کی عدالت میں پیش کیاگیا ۔عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پرنئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑجیل بھیج دیا۔این آئی اے بھارتی وزارت داخلہ کے احکامات پر آسیہ اندرابی اور انکی ساتھیوںکے خلاف رواں سال اپریل میں ایک مقدمہ درج کیاتھا ۔