میں نے ملک چھوڑ دیا ہے، یہاں کے لوگوں سے مایوس ہوگیا ہوں‘ عاشر عظیم

لوگ اصول کی بات نہیں کرتے، اصول پر نہیں لڑتے، اصول پر ہنستے ہیں‘ ٹوئٹر پیغام

پیر 16 جولائی 2018 20:13

میں نے ملک چھوڑ دیا ہے، یہاں کے لوگوں سے مایوس ہوگیا ہوں‘ عاشر عظیم
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جولائی2018ء) پاکستان ٹیلی ویڑن پر نشر ہونے والے ڈرامہ سیریل ’’دھواں‘‘سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے اداکار، ہدایتکار اور مصنف عاشر عظیم نے پاکستان چھوڑ دیا۔اپنے ٹوئٹر پیغام میں عاشر عظیم نے وطن چھوڑنے کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا، میں نے ملک چھوڑ دیا ہے، کیونکہ میں مایوس ہوگیا ہوں۔ شریف یا زرداری کی وجہ سے نہیں، یہ تو ہمیشہ ایسے ہی تھے، میں یہاں کے لوگوں سے مایوس ہوگیا ہوں۔

عاشر عظیم نے مزید لکھا، لوگ اصول کی بات نہیں کرتے، اصول پر نہیں لڑتے، اصول پر ہنستے ہیں، انہیں شریف، زرداری اور را? جیسے لوگ ہی ملیں گے، بس نام تبدیل ہوجائیں گے۔اپنے پیغام میں عاشرعظیم نے ڈرامہ سیریل ’’دھواں‘‘کا ایک سین بھی شیئر کیا۔

(جاری ہے)

شاہکار ڈرامہ دھواں کے تقریباً 20 سال بعد عاشر عظیم نے اپنی فلم ’’مالک‘‘کے ذریعے شوبز میں واپسی اختیار کی تھی لیکن اس فلم کو سنسر بورڈ کی جانب سے پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

تاہم عاشر عظیم نے ہمت نہ ہاری اور سنسر بورڈ کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا، بالآخر وہ کیس تو جیت گئے اور فلم بھی ریلیز ہوگئی، لیکن اس سب قصے میں انہیں کافی زیادہ مالی خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔عاشر عظیم پاکستان کسٹمز میں ایک اہم عہدے پر تعینات تھے لیکن کچھ ناگزیر وجوہات کی بنائ پر انہوں نے اپنی ملازمت سے استعفیٰ دیا اور پھر پاکستان بھی چھوڑ دیا اور اب وہ کینیڈا میں ٹرک چلاکر گزر بسر کر رہے ہیں جس کی تصدیق انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کی۔عاشر عظیم اکثر وبیشتر ملکی حالات و واقعات اور حب الوطنی پر مبنی پیغامات شیئر کرتے رہتے ہیں۔