انڈونیشیا ،کسان کی ہلاکت کا بدلہ، مشتعل ہجوم نے 300 مگر مچھوں کو مار ڈالا

پیر 16 جولائی 2018 22:04

جکارتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) انڈونیشیا میں مشتعل ہجوم نے ایک کسان کو ہلاک کرنے پر 300مگر مچھوں کو مار ڈالا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کے صوبے مغربی پاپوا میں تین روز قبل ایک مگر مچھ نے کھیت میں ایک کسان کو چبا ڈالا تھا جس پر گاؤں کے لوگ شدید غم و غصہ کے عالم میں تھے۔

(جاری ہے)

مغربی پاپوا کے نیچرل ریسورسز کنزرویشن ایجنسی کے مطابق مگر مچھوں کے فارم ہاؤس کے ایک ملازم نے آواز سنی کہ کوئی مدد کیلئے پکار رہا ہے اور جب وہ قریبی کھیت میں پہنچا تو اس نے دیکھا کہ ایک شخص کا دھڑ مگر مچھ کے منہ میں ہے۔

گاؤں والے کسان کی تدفین کے بعد کلہاڑیوں، خنجر اور چاقو لیکر فارم ہاؤس میں موجود مگر مچھوں پر حملہ آور ہوئے اور 300 کے قریب مگر مچھوںکو مار ڈالا ۔مشتعل ہجوم نے فارم ہاؤس میں بھی توڑ پھوڑ کی۔انڈونیشین قوانین کے مطابق معدوم ہوتے جانوروں کو قتل کرنا جرم کے زمرے میں آتا ہے جس کی سزا جرمانہ اور قید ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہم اتنے بڑے مشتعل ہجوم کو روک نہیں سکتے تھے لیکن اب ان لوگوں کے خلاف مقدمے درج کیے جائیں گے۔