سیکرٹری الیکشن کمیشن کی زیر صدارت اجلاس،عوامی اجتماعات، جلسوں، امیدواروں ،سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال

عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل کرنا چاہئے،بابر یعقوب فتح محمد

پیر 16 جولائی 2018 22:54

سیکرٹری الیکشن کمیشن کی زیر صدارت اجلاس،عوامی اجتماعات، جلسوں، امیدواروں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل کرنا چاہئے۔ پیر کو سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان بابر یعقوب فتح محمد کی زیر صدارت عوامی اجتماعات، جلسوں، امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی سرگرمیوں کے حوالہ سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کے دورہ کوئٹہ کے موقع پر الیکشن کمیشن کو دی گئی ہدایات کے تحت منعقد کیا گیا تاکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سیاسی سرگرمیوں کے حوالہ سے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام سیاسی جماعتوں اور انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواران سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ اپنی انتخابی سرگرمیوں اور جلسوں وغیرہ کے حوالہ سے ای سی پی کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران اس توقع کا اظہار کیا گیا کہ انتخابی امیدوار اور سیاسی جماعتیں ضابطہ اخلاق کے تحت اپنی سیاسی سرگرمیوں کے حوالہ سے مقامی انتظامیہ کو باخبر رکھیں گے۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، سیکرٹری اطلاعات سردار احمد نواز سکھیرا، چیئرمین پیمرا محمد سلیم اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔