اعلیٰ تعلیمی اداروں کے طلباء کی میرٹ کی بنیاد پر معاونت اور مختلف جامعات میں داخلے کیلئے قائم انڈومنٹ فنڈ میں 10 فیصد اضافے کی منظوری

انڈومنٹ فنڈ کا بہترین استعمال اور میرٹ کی بنیاد پر مستحقین کی معاونت نظر آنی چاہیئے، ترقی کا عمل بھی تیز تر ہوگا اور نوجوانوں کو کمانے کا ذریعہ ملے گا جو مجموعی طور پر معاشرے کی خوشحالی کا سبب بنے گا،،،نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

پیر 16 جولائی 2018 23:00

اعلیٰ تعلیمی اداروں کے طلباء کی میرٹ کی بنیاد پر معاونت اور مختلف جامعات ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان نے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے طلباء کی میرٹ کی بنیاد پر معاونت اور مختلف جامعات میں داخلے کیلئے قائم انڈومنٹ فنڈ میں 10 فیصد اضافے کی منظوری دی ہے۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کو میرٹ کی بنیاد پر معاونت اور اُن کے مختلف جامعات میں داخلے کے سلسلے میں تعاون کیلئے قائم انڈومنٹ فنڈ پر جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

نگران صوبائی وزیر برائے خزانہ عبدالرئو ف خٹک، صوبائی محکموں اعلیٰ تعلیم اور خزانہ کے انتظامی سیکرٹریز ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ نگران وزیراعلیٰ نے انڈومنٹ فنڈ کے قانون کی بعض دفعات میں ترمیم کی ہدایت کی تاکہ قانون میں موجود ابہام ختم کیا جا سکے اور انڈومنٹ فنڈ کو بہتر طریقے سے استعمال کیا جا سکے ۔

(جاری ہے)

اُنہوںنے غیر ترقیاتی اخراجات میں سے غیر ضروری اخراجات کم کرنے اور اُن کو تعلیم ، صحت اور پیداواری شعبوں کی ترقی کیلئے استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوںنے کہاکہ ہمیں انسانی ترقی پر خرچ کرنا چاہیئے اور اوپن مارکیٹ میں خود اپنے وسائل پیدا کرنے کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنی ہے تاکہ وہ پیداواری شعبوں میں دلچسپی لیں ۔

دوست محمد خان نے کہاکہ اُنہوںنے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے اخراجات میں 90 فیصد کٹوتی کرکے دیگر محکموں کیلئے ایک مثال قائم کر دی ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ جو وسائل غیر ضروری سرگرمیوں میں ضائع ہوتے ہیں اُنہیں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے مستحق اور غریب طلباء پرمیرٹ کی بنیاد پر خرچ کرنا چاہیئے۔اُنہوںنے کہاکہ تحقیق کے شعبے میں بنیادی سرمایہ کاری اور وسائل کا بہترین استعمال مستقبل کی ترقی کیلئے بہترین ثابت ہو گا۔

اُنہوںنے ہدایت کی کہ انڈومنٹ فنڈ کا بہترین استعمال اور میرٹ کی بنیاد پر مستحقین کی معاونت نظر آنی چاہیئے کیونکہ یہ اقدام دریافت اور ڈیجٹیل ریسرچ دونوں کی ترقی کا ذریعہ بنے گااور اس سے اربوں کی کمائی بھی ہو گی ۔ ترقی کا عمل بھی تیز تر ہوگا اور نوجوانوں کو کمانے کا ذریعہ ملے گا جو مجموعی طور پر معاشرے کی خوشحالی کا سبب بنے گا۔ دوست محمد خان نے کہاکہ اس وقت ہمیں اپنی مالی بنیاد کو مضبوط بنانے کیلئے اپنے وسائل کو صحیح معنوں میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے کیونکہ اس وقت ہماری موجودہ مالی بنیاد پر بہت دبائو ہے ۔

ہم نے اپنے نوجوانوں کو پیداواری شعبوں اور وسائل خود پیدا کرنے کی طرف راغب کرنا ہے اور اُن کی حوصلہ افزائی کرنی ہے اور اس کے ساتھ روزگار کے مزید مواقع پید اکرنے کیلئے نجی شعبے کے فروغ پر توجہ دینی ہے ۔اُنہوںنے کہاکہ اس صوبے میں ٹیکس جمع کرنے کے ذریعے وسائل پیدا کرنے کے ذرائع میں وسعت پیدا کرنی ہے ۔ محکمے کو چاہیئے کہ وہ ٹیکس جمع کرنے کے عمل کی حوصلہ افزائی کرے اور اس سلسلے میں موجود تمام رکاوٹوں کو دور کرے اُنہوںنے کہاکہ تیز رفتاری سے بڑھتی ہوئی آبادی پاکستانی معاشرے کیلئے ایک بڑا خطرہ ہے اسلئے علماء ، مفکرین اور دیگر رہنمائوں کو چاہیئے کہ وہ آگے آئیں اور خاندانی منصوبہ بندی کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔

اُنہوںنے کہاکہ ہم تحقیق پر مبنی تعلیم کے ذریعے ترقی کر سکتے ہیں تاہم بدقسمتی سے ابھی تک اس میدان میں ہم بہت پیچھے ہیں۔ ہمیں غریب مگر ذہین نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنی ہے ، شعبہ تعلیم اور دیگر شعبوں میں اُن کیلئے جگہ بنانی ہے اور غریبوں کی حق تلفی کے عمل کی حوصلہ شکنی کرنی ہے ۔ سکالر شپ طلباء کو اپنی تعلیم و تحقیق پر توجہ مرکوز کرنے کیلئے حوصلہ افزاء ثابت ہو گا۔