پاک سرزمین پارٹی کے زیر اہتمام حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگز کا انعقاد

پیر 16 جولائی 2018 23:30

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) پاک سرزمین پارٹی ڈسٹرکٹ کے زیر اہتمام حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا گیا ، پکا قلعہ گلی نمبر ایک ، لطیف آباد نمبر ،7,9,11 حیدرآباد سٹی اسلام آباد میں میٹنگز کا انعقاد کیا گیا ، کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے این اے 226کے نامزد اُمیدوار نواب راشد علی خان نے کہا کہ تین دہائیوں بعد آج حیدرآباد میں الیکشن مختلف ماحول میں ہورہے ہیں پہلے کی یہ نسبت ہر سیاسی جماعت آزادانہ اپنی مہم چلا پارہی ہے اور اب حیدرآباد میں کوئی نوگو ایریا نہیں اور ہر علاقہ میں اپنی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہ کریڈیٹ کا بڑا حصہ سید مصطفی کمال و انیس قائم خانی کی دعوت کے نتیجے میں ملا ہے کیونکہ ان کی آمد کے بعد انہوں نے اپنی قوم کو بتایا کہ تمہارے ساتھ دھوکہ ہورہا ہے اور تمہیں ہر قومیت کے ساتھ لڑادیا گیا ہے نتیجہ یہ ہے کہ تمہیں پورے پاکستان سے کاٹ دیا گیا اور نفرت کی بناء پر تمہیں کوئی قبول نہیں کرتا۔

(جاری ہے)

تعلیم سے دور رًکھ کر تمہیں زیردست بنادیا ، جبری بھتہ خوری ، جبری چندہ پر تشدد ہڑتالیں ، جبری کھالیں چھینا اسکی وجہ سے تمہیں مشکوک بنادیا۔ آج ہر پاکستانی تمہیں شک کی نگاہ سے دیکھتا ہے ان کے پیغام کی وجہ سے نوجوانوں ، مرد و خواتین کو سمجھ آئی کہ ہمیں اپنوں کا درس دینے والوں نے تعمیر وترقی کے بجائے تخریب کے راستے پر ڈال دیا تھا ہمیں سب کو مل جل کر پاکستانی بننا چاہیے ، آج اس کا نتیجہ یہ ہے کہ ہرقومیت کا فرد ایک دوسرے کے علاقے میں آجارہا ہے اور آزادانہ مہم چلارہا ہے اب نفرت کی سیاست کرنے والے اپنے منہ کی کھائیں گے ۔