انتخابات میں پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور پولیس کے جوان موجودہوں گے،میجر (ر) اعظم سلیمان خان

کراچی پریس کلب آنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، آنے والے عام انتخابات میں میڈیا کو بہت بڑا کردار ادا کرنا ہے ،حساس پولنگ اسٹیشنز کی ریکارڈنگ الیکشن کمیشن کوبھیجی جائے گی،کراچی پریس کلب کے دورے کے دوران چیف سیکریٹری کی میڈیا سے گفتگو

پیر 16 جولائی 2018 23:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) چیف سیکریٹری سندھ میجر (ر) اعظم سلیمان نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے پریس کلب کی گورنگ باڈی سے ملاقات کے دوران کہا کہ کراچی پریس کلب آنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے اور آنے والے عام انتخابات میں میڈیا کو بہت بڑا کردار ادا کرنا ہے ۔چیف سیکریٹری سندھ نے صدر پریس کلب احمد خان ملک ،سیکریٹری جنرل مقصود یوسفی ،صوبائی سیکریٹری اطلاعات قاضی شاہد پرویز، ڈائریکٹر اطلاعات زینت جہاں کے ہمراہ پریس کلب کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اس دوران انہوں نے میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نگران دور شروع ہو تے ہی تمام افسران کوتبدیل کیاگیا اور سندھ میں کوشش کی گئی کہ نیوٹرل افسران تعینات کریں اور ہماری اولین ترجیح ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کی سطح پر تقرریاں اور تبادلے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہا کہ انتخابات میں تمام پولینگ اسٹیشنز پر فوج اور پولیس کے جوان موجودہوں گے۔ چیف سیکریٹری سندھ میجر ریٹائر اعظم سلیمان خان نے کہا کہ صوبے میں سترہ ہزارسات سو پولنگ اسٹیشن ہیں جن میں سے پانچ ہزار چھ سو تیہتر حساس پولنگ اسٹیشن اور ان حساس پولنگ اسٹیشن میں 21000 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جارہے ہیں۔حساس پولنگ اسٹیشن کی ریکارڈنگ الیکشن کمیشن کوبھیجیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کے سندھ میں الیکشن کے ضابطہ اخلاق پر مکمل طور پر عمل کیا جارہا ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ہزارشوکازنوٹس جاری کیے ہیں ۔ الیکشن کمیشن کے انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوںمیں بڑے نام بھی ہیں جنھیں شوکازنوٹس جاری کیے اورجرمانے کیے ہیں. ایک اورسوال کے جواب میں انہونے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی کونگراںحکومت کی مشاورت سے تعینات کیا گیا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے ایسا ماحول بنائیں کہ لوگ زیادہ سے زیادہ حق رائے استعمال کریں۔ الیکشن میں ملکی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا کام کررہے ہیں اور جن لوگوں پر شک ہے کہ وہ امن کے لئے خطرہ ہیں ان سے حلف نامہ اور بھاری ضمانتیں لے رہے ہیں اگر پھر بھی باز نہ آئے تو انکی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو الیکش کمیشن کا مکمل تعاون حاصل ہے اور پولنگ اسٹیشن پرتما م مسنگ فیسلیٹیزاور متبادل بجلی کے لئے یو پی ایس اور جنریٹر لگائیں گے انہوں نے مزید کہا کہصوبے کے داخلی اور خارجی راستوں پر کڑی نگرانی کی جارہی ہے جس کے لئے ضلع سطح پر انٹیلیجنس کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ اعظم سلیمان خان نے مزید کہا کہ پولنگ کے دن ایمرجنسی پلان ترتیب دیدیا ہے، ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف کی چھٹییاں منسوخ ہوں گی ۔

چیف سیکرٹری سندھ میجر جنرل ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کے کسی سیاسی جماعت کو انتخابی مہم سے روکنے کے الزامات میں کوئی صداقت نہیںتمام امیدواروں کو سیکورٹی فراہم کی گئی ہے اور ضرورت پڑنے امیدوارمحکمہ داخلہ سے اجازت لے کر پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز بھی رکھ سکتے ہیں ۔