چیف سیکریٹری سندھ میجر جنرل ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان نے سیاسی جماعتوں کی طرف سے انتخابی مہم میں رکاوٹیں ڈالنے کے الزامات کو مسترد کردیا

ایڈیشنل آئی جی کراچی اچھا کام کررہے ہیں ان کو تبدیل نہ کرنے فیصلہ نگراں حکومت نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیا ہے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں میں بڑے بڑے سیاسی نام شامل ہیں، کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو

پیر 16 جولائی 2018 23:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) چیف سیکریٹری سندھ میجر جنرل ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان نے سیاسی جماعتوں کی طرف سے انتخابی مہم میں رکاوٹیں ڈالنے کے الزامات کو مسترد کردیا ہے اورکہاہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں میں بڑے بڑے سیاسی نام شامل ہیں، ایڈیشنل آئی جی کراچی اچھا کام کررہے ہیں ان کو تبدیل نہ کرنے فیصلہ نگراں حکومت نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیا ہے ،آئی جی جیل سمیت تمام جیلرز کو تبدیل کیا جائے گا۔

کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ میجر جنرل ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان نے کہا کہ سندھ بھر میں پانچ ہزار چھ سو پچاس انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج و رینجرز تعنیات ہوگی اور سی سی کیمروں سے مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ضلع انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل کمیٹیاں بنائی گئی ہیں جو سیکیورٹی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کو مانیٹر کرے گی،انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں میں بڑے بڑے سیاسی نام شامل ہیں،ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایک ہزار سے زائد امیدواروں کو شوکاز نوٹس جاری کئیے ہیں۔

پولنگ اسٹیشنز پر تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ عوام زیادہ سے زیادہ حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔چیف سیکرٹری سندھ کا کہنا تھا کہ پولنگ کے روز ضلعی سطح پر ایمرجنسی پلان ترتیب دیا ہے جس کے تحت ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کی جائیں گی۔ایک سوال کے جواب میں چیف سیکریٹری سندھ کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو انتخابی مہم سے روکا نہیں جارہا، سیاسی جماعتوں کی طرف سے انتخابی مہم میں رکاٹیں ڈالنے کے الزامات میں صداقت نہیں ہے ان کا کہنا تھا ایڈیشنل آئی جی کو تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ نگران حکومت نے اسٹیک ہولڈرزکی مشاورت کے بعد کیا ہیتاہم آئی جی جیل سمیت تمام جیلرز کو تبدیل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ سیکریٹری داخلہ الیکشن کمیشن، سندھ پولیس اور ڈویژنل و ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے ساتھ روابط کو فروغ دے کر انتخابات کے پرامن اور منصفانہ انعقاد کے لئے حکمت عملی بنائی ہیمتعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ محکمہ جاتی روابط کو فروغ دے کر عام انتخابات 2018 کے انعقاد کے سلسلے میں موثر اقدامات عمل میں لائیں۔اور پولنگ اسٹیشنز پر حکومت سندھ کے متعلقہ عملہ کی تعیناتی، پینے کے پانی ، بجلی اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔