لاڑکانہ پولیس کی مختلف کارروائیوں کے بعد قتل، ڈکیتی، لوٹ مار اور چوری جیسے سنگین مقدمات میں روپوش اور اشتہاری 13 ملزمان کو گرفتار کرلیا

پیر 16 جولائی 2018 23:48

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) ایس ایس پی لاڑکانہ شبیر احمد سیٹھار کی طرف سے کرمنلز کے خلاف شروع کردہ کریک ڈائون کے نتیجے میں لاڑکانہ پولیس کی مختلف مقامات پر کاروائیوں کے دوران قتل، ڈکیتی، لوٹ مار اور چوریوں جیسے سنگین مقدمات میں روپوش، اشتہاری، مطلوب و مفرور 13 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ولید پولیس نے اپنی بہن کے قتل میں ملوث ملزم اسلم اہیر کو نیو بس ٹرمینل سے واردات میں استعمال ہونے والے پسٹل اور گولیوں سمیت، بقاپور پولیس نے قتل کیس میں مطلوب ملزم شہمیر ڈاہانی کو، رتوڈیرو پولیس نے قتل اور اغوا جیسے سنگین مقدمات میں اشتہاری ملزم جیئند جتوئی کو، نوحانی پھاٹک سے دوران چیکنگ ملزم ہزار خان چانڈیو کو رپیٹر اور کارتوسوں سمیت، روپوش ملزم وحید جتوئی کو، گڑھی خدابخش پولیس نے ناکابندی کے دوران شہری سلیم پتافی سے چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد کرکے مالک کے حوالے کردی ہے۔

(جاری ہے)

باقرانی پولیس نے دوران چیکنگ ایئرپورٹ روڈ سے ملزم منصور انڑ کو پسٹل اور گولیوں سمیت، اشتہاری ملزم زاہد ابڑو کو، مارکیٹ پولیس نے دوران چیکنگ گرلس سکول کے قریب اشتہاری ملزم شاہنواز سپڑیو کو، وارث ڈنو ماچھی پولیس نے روپوش ملزم سومر کوڈرانی کو، تعلقہ پولیس نے روپوش ملزم صدام جتوئی کو، حیدری پولیس نے دوران گشت خیرپور شہر کے رہائشی ملزم اللہ ڈنو جانوری کو دو کلو چرس سمیت گرفتار کرکے متعلقہ تھانوں پر مقدمات بھی درج کرلیے گئے ہیں۔

دوسری جانب دڑی پولیس نے مبینہ پولیس مقابلے میں ظفر سولنگی نامی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کو سی سی ٹی کئمیرا کے ذریعے بھی کرائم کرتے ہوئے ٹریس ہوا تھا جس پر 5 مقدمات درج ہیں۔ ڈاکو کا مزید کرمنل رکارڈ مختلف تھانوں سے حاصل کیا جارہا ہے۔ ایس ایس پی لاڑکانہ شبیر احمد سیٹھار نے مقابلے میں حصہ لینے والے پولیس افسر وجوانوں کو شاباشیں، نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کے احکامات بھی جاری کردیئے ہیں۔