الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے کیلئے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کا اہم اجلاس

ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کرکے ہی عوام کی جان و مال کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے، ڈی آئی جی حیدرآباد

پیر 16 جولائی 2018 23:48

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے اور حالات کے پیش نظر سیکورٹی انتظامات کے سلسلے میں ڈویژنل کمشنر حیدرآباد احسن علی منگی اور ڈی آئی جی حیدرآبادسلطان خواجہ نے ایک اہم اجلاس شہباز ہال حیدرآباد میں منعقدکیا، اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ون ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران سمیت سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ڈویژنل کمشنرحیدرآباد احسن علی منگی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد انتخابی مہم کے دوران اور الیکشن کے دن امن و امان برقرار رکھنا انتظامیہ اور ہمارے سیکیورٹی اداروں کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے لیے آپ تمام سیاسی جماعتوں کے تعاون کی اشد ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ہمارے لیے قابل احترام ہیں مگر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بلاامتیازکارروائیاں جاری رہیں گی اور اب تک ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 250 سے زائد شو کاز نوٹس جاری کیے جاچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی حیدرآباد سلطان خواجہ نے اجلاس کو بتایا کہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کرکے ہی عوام کی جان و مال کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے، انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو بتایا کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر کے بعد ہمارے حساس اداروں اور پولیس کے پاس دہشت گردی سے متعلق خطرات کی اطلاعات ہیں اس لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں کارنر میٹنگ اور ریلی کی پیشگی اجازت لیں تاکہ سیکیورٹی ادارے اپنا کام کرسکیں اور کارنر میٹنگ یا ریلی کے دوران اپنے پارٹی کے رضاکار کارکنان سے مشکوک اور غیر متعلقہ افراد کی تلاشی اور ان پر نظر رکھنے کا کہا جائے جبکہ کارنر میٹنگ یا ریلی کا سیکیورٹی پلان متعلقہ ڈی ایس پی کی مدد سے تیار کیا جائے جس سے سیکیورٹی کے بہتر انتظامات کرنے میں مدد ملے گی، ڈی آئی جی حیدرآباد نے کہا کہ ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ عام انتخابا ت 2018ء کے انعقاد کو مکمل طورپر پر امن بنایا جائے اس کے لیے ہم نے پلان تشکیل دیا ہے کہ تمام سیاسی پارٹیوں کے 10-10 کارکنان کو سیکیورٹی کے حوالے سے تربیت مہیاکی جائے اس ضمن میں ہم 18 جولائی کو ایک سیشن منعقد کررہے ہیں جس کے لیے تمام سیاسی پارٹیاں اپنے لیٹر پیڈ پرتربیت کے لیے نامزد کردہ ورکرز کے نام دیں جنہیں سیکیورٹی کے حوالے سے تربیت دی جائے گی، انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے درخواست کی کہ حالات کے تحت چوکنا رہتے ہوئے ملک دشمن عناصراورمشکوک سرگرمیوں میں ملوث افراد کے متعلق فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے کسی ممکنہ جانی و مالی نقصان سے محفوظ رہا جاسکے، انہوں نے کہاکہ انتخابی مہم اور انتخابات کے دوران چھوٹی چھوٹی باتوں کو نظرانداز کریں کیونکہ امن و امان کی صورتحال کے باعث سماج دشمن عناصر اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں لہذا ضرورت اس امرکی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں جس پر ہال میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے مکمل اتفاق کرتے ہوئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی اور اپنی شکایات و مسائل سے کمشنر حیدرآباد اور ڈی آئی حیدرآباد کو آگاہ کیاجس پر انہوں نے ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی، اس موقع پر تمام سیاسی جماعتوں اور افسران کی طر ف سے ملک میں ہونے والی دہشت گردی کی شدید مذمت کی گئی۔