نگران حکومت سیکورٹی اور امن و امان کے حوالے سے اپنا کردار واضح کرے، اسفندیار ولی خان

پیر 16 جولائی 2018 23:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے قلعہ عبداللہ میں اے این پی کے مرکزی نائب صدر اور سینیٹر داؤد خان اچکزئی پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران حکومت سیکورٹی اور امن و امان کے حوالے سے اپنا کردار واضح کرے ، دہشت گردی کی حالیہ لہر اور آئے روز ہونے والے واقعات اس جانب اشارہ کر رہے ہیں کہ الیکشن کو سبوتاژ کیا جائے تاہم اے این پی بہر صورت میدان میں ڈٹی رہے گی،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور اے این پی کے رہنماؤں پر ہونے والے حملوں پر نگران حکومت جواب دہ ہے اور انتخابی مہم اور امیدواروں کو تحفظ فراہم کرنا حکومتوں و الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے جس میں وہ ناکام نظر آ رہے ہیں،اسفندیار ولی خان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی یہ بڑی قربانی ہے کہ سیکورٹی کی اس صورتحال کے باوجود الیکشن میں اتر رہی ہیں لہٰذا نگران حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے اور انتخابات کو شفاف اور غیرجانبدارانہ بنانے کی اپنی ذمہ داری نبھائے ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے الیکشن کو سبوتاژ کرنا جمہوریت ڈی ریل کرنے کی کوشش ہے ،جس سے دنیا بھر میں ملک کی سیاسی ساکھ کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔