Live Updates

ملتان،قریشی تکہ شاپ کا حادثہ افسوسناک ،اموات اور زخمیوں پر نہایت رنج ہوا ،شاہ محمود قریشی

ہمارے کارکنوں نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں، پرامن لوگ ہیں اور رہنا چاہتے ہیں، قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لینا چاہتے ،تحریک انصاف کے کارکنوں پر حملہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کا میڈیا سے گفتگو

پیر 16 جولائی 2018 23:52

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قریشی تکہ شاپ کا حادثہ افسوسناک ہے سی پی او ملتان نے بتایا ہے کہ ابھی تک شواہد سے بارودی مواد کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ ابتدائی طور پر سلینڈر دھماکہ دکھائی دیتا ہے۔ اموات اور زخمیوں پر نہایت رنج ہوا ہے ۔ قانون نفاذ کرنے والے ادارے تحقیقات کے بعد بتائیں گے کہ یہ سلنڈر دھماکہ تھا یا خودانخواستہ کچھ اور ۔

جب تک تحقیقات مکمل نہ ہوں بلاوجہ کسی پر الزام نہیں لگانا چاہتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز قریشی تکہ شاپ میں جائے حادثہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی الیکشن کمپیئن چھوڑ کر حادثے کی جگہ پہنچے اور وہاں سے نشتر ہسپتال پہنچے جہاں انہوں نے حادثے کے زخمیوں کی عیادت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا چند دن پہلے میں نے قریشی تکہ شاپ کا دورہ کیا تھا اور اسی جگہ ایک جلسے میں قریشی تکہ شاپ کے مالک مکھن شاہ نے تحریک انصاف میں شمولیت اور میری حمایت کا اعلان کیاتھا۔

اور آج حادثے کا سن کر میں تمام مصروفیات ترک کرکے ادھر پہنچا ہوں اور انتہائی افسوس ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ملتان امن کا شہر ہے ۔ ملتان کے شہریو ںنے ہر دور میں امن قائم کیا گزشتہ رات ن لیگ کے لوگوں نے تحریک انصاف کے دفتر اور یوسی چیئرمین پر قاتلانہ حملہ کیا۔ ہمارے کارکن بہت مشتعل تھے میں نے معاملہ ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی۔ رات کو تھانہ جلیل آباد پہنچا لیکن کوئی اہلکار موجود نہ تھا ۔

پھر میں نے سی پی او اور آر پی او ملتان سے بات کی جس پر دو گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا ملتان شہر میں ایسی روایات پہلے کبھی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا میں نے پہلے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ میرے خلاف سرکاری وسائل استعمال کئے جارہے ہیں۔ میئر اور ڈپٹی میئر کو جرمانہ بھی کیا گیا اور معطل بھی ہوئے مگر کارپوریشن کا عملہ میرے بینر اتار رہا ہے ۔

میرے پاس سرکاری گاڑیاںکے نمبر بھی موجود ہیں جو الیکشن کمپیئن میں استعمال کی جارہی ہے۔ میئر اور ڈپٹی میئر باقاعدہ اپنی بھابی کی الیکشن کمپیئن کررہے ہیں ۔ ملتان کی انتظامیہ ٹھیک جا رہی ہے لیکن ان کے ماتحت کارپوریشن کا نچلا عملہ میرے خلاف انتخابی مہم چلا رہا ہے۔ میئر اور ڈپٹی میئر کا کمپیئن کرنا انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے ۔

الیکشن کمیشن ۔ نگران پنجاب حکومت اور ملتان انتظامیہ نوٹس لے۔ غریب آباد میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کل ہمارے کارکنوں پر حملہ ہوا ہم پرامن لوگ ہیں۔ اور پر امن رہنا چاہتے ہیں۔ ہمارے کارکنوں نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں۔ لیکن ہم نے قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لینا ۔ انتظامیہ سے درخواست کرتا ہوں کہ تحریک انصاف کے کارکنوں پر حملہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔

الیکشن سے قبل ایسی حرکات الیکشن کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی سازش ہے۔ بزدل لوگ اپنی شکست کو سامنے دیکھ کر بوکھلا چکے ہیں اور ایسی حرکتوں پر اتر آئے ہیں۔ اس موقع پر حاجی جاوید اخترانصاری ۔ رانا عبدالجبار۔ وسیم خان بادوزئی۔ شیخ طاہر ۔ منور قریشی۔ میاں جمیل۔ مخدوم شعیب اکمل ہاشمی ودیگر شخصیات ان کے ہمراہ تھیں۔ قبل ازیں مخدوم شاہ محمود قریشی نے الیکشن کی کمپیئن کے سلسلے میں این اے 156 کی مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیا ۔

مختلف مقامات پر کارنر میٹنگ سے خطاب اور الیکشن دفاتر کا افتتاح کیا ۔ یوسی 21 اعوان پورہ میں شیخ تاج کے زیر اہتمام کارنر میٹنگ سے خطاب کیا۔ یونین کونسل 51میں طاہر حمید کے زیر اہتمام جلسے سے خطاب کیا ۔ یوسی 49 پی پی 217 میں سابق نائب ناظم رب نواز خٹک کے زیر اہتمام کارنر میٹنگ سے خطاب کیا#
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات