تیز رفتارترقی کیلئے نئی نسل کومعیاری اوربامقصدتعلیم سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے، ڈویژنل کمشنر

پیر 16 جولائی 2018 23:52

فیصل آباد ۔16جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) ڈویژنل کمشنر آصف اقبال نے کہا ہے کہ تیز رفتارترقی کیلئے نئی نسل کومعیاری اوربامقصدتعلیم سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے اس سلسلے میں پبلک سکولوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے یہ بات ڈویژنل پبلک سکول وکالج اور ساندل کالج کی تعلیمی وانتظامی سرگرمیوں پربریفنگ لیتے ہوئے کہی۔

پرنسپل ڈی پی ایس و کالج شاہد محمود،ڈائریکٹر پبلک سکولز چوہدری محمد اشرف ودیگر بھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ معیار تعلیم کو مزید بلند کرنے کے لئے جدید مہارتوں کو متعارف کرایا جائے تاکہ طالب علم مستقبل کے چیلنجز کامقابلہ کرنے کے قابل ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ طالب علموں کو ان کے گھروں کے قریب اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لئے نئے پبلک سکولوں کا قیام بھی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے جس کے لئے وسیع بنیادوں پر منصوبہ بندی کی جائے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ ٹیچرز کی جدید خطوط پر تربیت مرحلہ وارپروگرام کے تحت جاری رکھیں جبکہ سو فیصد تعلیمی نتائج کے حصول کے لئے ان کی کارکردگی کی بھی مانیٹرنگ ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیوں کو بھی پروان چڑھانے کے علاہ ان کی کردار سازی، ٹریفک قوانین سے آگاہی کے لئے بھی اقدامات کریں۔انہوں نے طالب علموں کو کرکٹ،ہاکی،بیڈمنٹن،سکوائش ودیگر کھیلوں کے لئے معیاری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ترقی اور مقابلے کے اس دور میں مناسب فیسوں کے اندر مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کرنا بڑا کارنامہ ہے جس کا تسلسل برقرار رہنا چاہیے۔انہوں نے تعلیمی اداروں میں صفائی کا اعلیٰ معیار وہمہ وقت برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔پرنسپل ڈی پی ایس شاہد محمود نے بریفنگ کے دوران تعلیمی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیچرز کی ٹریننگ کے علاوہ طالب علموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ان کے روزانہ ،ہفتہ واراورماہانہ امتحانات بھی لئے جاتے ہیں۔انہوں نے بورڈ کی سطح پر میٹرک میں طالب علموں کی پوزیشن،ہم نصابی سرگرمیوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔اجلاس کے دوران پبلک سکولوں کے سالانہ بجٹ کے امور بھی زیر بحث آئے۔