ضلع میں جنرل الیکشن کے انتظامات کاجائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطح کا اجلاس

پیر 16 جولائی 2018 23:52

فیصل آباد ۔16جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) ضلع میں جنرل الیکشن کیلئے پولنگ سٹاف و الیکشن میٹریل کی ترسیل کے اقدامات اور سیکورٹی انتظامات کاجائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر/ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالناصر کی زیر صدارت ان کے آفس میں منعقد ہوا جس میں فوکل پرسنز ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شکیل احمد سپرا،سینئر سول جج ایڈمن محمد عثمان اعوان،ڈویژنل کمشنر آصف اقبال،آر پی او غلام محمود ڈوگر،ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد،سی پی او اشفاق احمد خاں،ایس ایس پی آپریشن حیدرسلطان،سی ٹی او ابرار حسین نیکوکارہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)محبوب احمد،سیکرٹری آر ٹی اے مصور نیازی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر/ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالناصر نے الیکشن انتظامات سے متعلقہ تمام امورکاجائزہ لیتے ہوئے کہا کہ الیکشن میٹریل کے تحفظ اور اسکی تقسیم کے اوقات میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔اس ضمن میں سیشن کورٹ کے احاطہ میں واک تھرو گیٹس سمیت دیگر تمام سیکورٹی آلات نصب کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ پلان پر جامع انداز میں عملدرآمد کویقینی بنائیں اور پولنگ سٹاف کو ٹرانسپورٹ کی فراہمی کا طریقہ کار منظم اور ٹھوس ہونا چاہیے۔

اس سلسے میں پولنگ سٹاف کی رہنمائی کے لئے ٹرانسپورٹ گاڑیوں پر پولنگ اسٹیشنز کے مطابق نمبرآویزاںکرنے،انکی ترتیب سے پارکنگ کے انتظامات اور سہولت کائونٹرکے قیام کے علاوہ اعلانات کے لئے سائونڈ سسٹم کا بندوبست کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن ڈیوٹی کے لئے ایک ہزار سے زائد گاڑیوں کی پارکنگ اور انکی نقل وحرکت کیلئے ٹریفک مینجمنٹ پلان ترتیب دیکر شاہرات کو بند کرنے اور متبادل راستوں کی رہنمائی کے لئے وسیع انداز میں مشتہر کیا جائے۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے ضرورت سے زیادہ اضافی گاڑیوں کاانتظام کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ ضرورت پڑنے میں کوئی دقت نہ ہو۔انہوں نے حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کاکام فی الفور مکمل کرنے اور دیگر ضروری سہولیات کو پورا کرنے کی بھی تاکید کی۔انہوں نے الیکشن میٹریل کی تقسیم کے مراحل میں پولنگ سٹاف سے بہتر رویہ رکھنے پر شدید زوردیا اور کہا کہ پروفسیرز/ٹیچرز اوردیگرسٹاف ممبران کی عزت ووقار کا خیال رکھاجائے۔

انہوں نے الیکشن انتظامات پر ٹھوس انداز میں عملدرآمد کیلئے تمام متعلقہ محکموں کو مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ عدلیہ،انتظامیہ اور پولیس کے افسران آپس میں قریبی رابطہ رکھیں تاکہ کسی وجہ سے انتظامات میں خلانہ آئے۔اس موقع پر ڈویژنل کمشنر آصف اقبال،آر پی او غلام محمود ڈوگر،ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد،سی پی او اشفاق احمد اور دیگر افسران نے انتظامی وحفاظتی امور کی تفصیلات اور منصوبہ بندی سے آگاہ کیا۔صدر اجلاس کو بتایا گیا کہ الیکشن کے انتظامات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ انتخابی مہم میں ضابطہ اخلاق کی پابندی کی خلاف ورزی پر بھی سخت ایکشن لیا جارہا ہے۔