انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کو دہرانے پر حلقہ پی پی 97سے امیدوار کو 25ہزارروپے جرمانہ عائد

پیر 16 جولائی 2018 23:52

فیصل آباد ۔16جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر برائے جنرل الیکشن/ڈپٹی کمشنرسید احمدفواد کی طرف سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی بعض خلاف ورزیوں کو دہرانے پر حلقہ پی پی 97سے امیدوار آزاد علی تبسم کو 25ہزارروپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ آئندہ محتاط رہنے کی یقین دہانی پر حلقہ پی پی 100سے امیدوار چوہدری ظہیر الدین اور حلقہ پی پی 101سے امیدوار رائے حیدر علی،چیئرمین یونین کونسل 89،اعجاز الحق کو وارننگ جاری کی گئی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے حلقہ پی پی 111سے امیدوار اسرار احمد خاں اور خواجہ محمد اسلام،حلقہ پی پی 116سے امیدوار فقیر حسین ڈوگر کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر شوکاز نوٹسز جاری کرکے 17جولائی کو طلب کرلیا۔ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں سے کہا ہے کہ وہ انتخابی مہم کے دوران پاکستان الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے پابند رہیں۔اس سلسلے میں بڑے سائز کے پوسٹر/بینرز آویزاں نہ کئے جائیں جبکہ کسی قسم کا اسلحہ رکھنے سے بھی احتراز کریں اور آتش بازی وبغیر اجازت ریلیاں نکالنے پر پابندی کی بھی پاسداری کی جائے۔