پشاور، مستونگ اور بنوں میں دھماکوں اور دہشت گردی کی سخت مذمت

پیر 16 جولائی 2018 23:53

فیصل آباد ۔16جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن نے پشاور، مستونگ اور بنوں میں دھماکوں اور دہشت گردی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعات ملکی سلامتی اور انتخابات کے خلاف سازش ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو میںایسوسی ایشن کے زونل چیئرمین شیخ محمد فاروق اللہ والااور زونل وائس چیئرمین ہمایوں عبدالحق نے کہا کہ اب جب کہ انتخابات میں آٹھ دس دن رہ گئے ہیں اور تمام انتظامات مکمل کئے جارہے ہیں تو ملک دشمن قوتوں اور تخریبی عناصر کی جانب سے انتخابی جلسوں اور عوامی اجتماعات میں دہشت گردی اور دھماکوں کے ذریعے عوام میں مایوسی اور بے چینی پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے ،انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کو پاکستان میں امن و امان اور جمہوریت پھلتی پھولتی پسند نہیں ہے اسی لئے وہ دھماکوں اور دہشت گردی کے ذریعے انتخابات کو سبوتاز کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستانی قوم کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرکے ان ملک دشمن طاقتوں کے عزائم ناکام بنادینے چاہیئں۔ آخر میں انہوں نے ان دہشت گردی اور دھماکوں میں شہید ہونے والوں کے لئے دعائے خیر اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔