سٹی پولیس آفیسر کا تھانہ ماڈل ٹاؤن کا اچانک دورہ

پیر 16 جولائی 2018 23:55

گوجرانوالہ ۔16جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر معین مسعود نے تھانہ ماڈل ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا ۔ایس پی سٹی بہرام خان اور دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ سی پی او نے بارک ہائے ، مال خانہ ، فرنٹ ڈیسک ،میٹنگ ہال ، باتھ روم ،تفتیشی روم، محرر روم ، ریکارڈ روم ، وائرلیس روم ، مال مقدمہ ، سرکاری املاک کا رجسٹر، چیک کیا ۔

انہوں نے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو ہدایت کی کہ ریکارڈ کی تکمیل ہونی چاہیے ۔ درج کئے جانے والے مقدمات کی امسلاجات بروقت مکمل کی جائیں اور انہیں کمپیوٹرائزڈ کر کے آن لائن سسٹم سے منسلک کیا جائے ۔ سی پی او نے تھانہ کی صفائی بھی چیک کی۔ پولیس میس کے انتظامات ، کچن کی حالت اور کھانا سٹور کرنے کے لئے رکھی گئی فریج کی حالت بھی ملاحظہ کی ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں سی پی او نے پولیس افسران سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے موقع پر ڈیوٹی کے دوران کسی قسم کی جانبداری سامنے نہیں آنی چاہیے۔ پولیس کی نظر میں تمام سیاسی جماعتیں اور الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امیدوار برابر ہیں ۔ امن کے قیام کے لئے پولیس سیکیورٹی کے فرائض انجام دے گی اور ہر قسم کی مداخلت سے دور رہے گی۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی توقعات کے مطابق پر سکون فضا میں غیر جانبدار رہتے ہوئے الیکشن ڈیوٹی دی جائے گی ۔ شورو شر کرنے والے اپنے انجام سے باخبر رہیں ۔ بغیر امتیاز کے قانون شکن عناصر کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔