عالمی برادری اور اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے فوری حل کیلئے اقدامات کریں‘حریت کانفرنس

امید ہے پاکستان مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اپنی سفارتی کوششوں میں مذید تیزی لائے گا

منگل 17 جولائی 2018 12:35

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس نے مسئلہ کشمیر کے فوری حل کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے کہا کہ اس دیرینہ تنازعے سے عالمی امن کو شدید خطرہ لاحق ہے اور عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کے فوری حل کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںپاکستان کے خصوصی ایلچی سرتاج عزیز کے کشمیر بارے حالیہ بیان کاخیرمقدم کرتے ہوئے اسے کشمیری عوام کی خواہشات کا عکاس قرار دیاہے ۔

سرتاج عزیز نے اپنے حالیہ بیان میں رائے شماری کو مسئلہ کشمیر کا بہترین حل اور کشمیری قیادت کی مذاکرات میں شمولیت کو نا گزیر قرار دیا ہے ۔ترجمان نے امید ظاہر کی کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اپنی سفارتی کوششوں میں مذید تیزی لائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پا کستان اور کشمیری عوام کا موقف مسئلہ کشمیر کی تاریخی حیثیت کا آئینہ دار ہے لہٰذاکشمیر کی موجودہ گھمبیر صورتحال کے پیش نظر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لیے بھارت پر اپنا سفارتی اور سیاسی دبائو بڑھائے۔

انہوںنے کہاکہ عالمی برادری کومسئلہ کشمیر کی وجہ سے جنوبی ایشیا کی دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان محاز آرائی کے وسیع تر نتائج اور ہولناک تباہی کو نظر انداز نہیں کر نا چاہیے ۔انہوںنے امید ظاہر کی کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی زمینی صورتحال کو فوجی نکتہ نگاہ سے دیکھنے کی روائتی پالیسی کو ترک کر کے تاریخی حقائق کے تناظر میں اس دیرینہ تنازعے کے پرامن تصفیے کے لیے عملی اقدامات کریگا ۔ دریں اثناء حریت کانفرنس نے جموں کے علاقے ریاسی میں چٹانیں کھسکنے اور ڈوڈہ میں سڑک کے ایک حادثے میں نو افراد کے جاں بحق ہونے اور پچاس سے زائد کے زخمی ہونے جیسے دلدوذ سانحات پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی ۔