منتخب ہوکر باڑہ کے عوام کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کریں گے،شاہ فیصل آفریدی

منگل 17 جولائی 2018 12:37

باڑہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2018ء) باڑہ حلقہ این اے 44 سے جماعت اسلامی کے امیدوار شاہ فیصل آفریدی نے کہا ہے کہ منتخب ہونے کے بعد باڑہ کو امن کا گہواررہ بناکر عوام کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کریں گے جبکہ تیراہ میں سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کرکے میدان کو سیاحوں کا مرکز بنائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیراہ کے مختلف مقامات پر الیکشن مہم کے دوران اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجتماعات سے جماعت اسلامی کے پی کے نائب امیر شاہ جہان آفریدی، جماعت اسلامی باڑہ کے امیر خان ولی آفریدی، اور چیف آف کمر خیل حاجی مومین آفریدی کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا ۔مقررین نے کہا کہ باڑہ کو ترقی پر لانے کیلئے جماعت اسلامی کے پاس صلاحیتیں موجود ہیں اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پسماندہ علاقے کو دوسرے ترقی یافتہ شہروں کے برابر لا کھڑا کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو بے روز گاری سے نجات دلانے کیلئے چھوٹی چھوٹی صنعتوں کا جال بچایا جائے گا اور مستقبل کے معماروں کا مستقبل سنوارنے کیلئے دہشت گردی سے تباہ ہونے والے سکولوں کی تعمیر کرکے علاقے میں تعلیم کو فروغ دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو کہ کرپشن سے پاک ہے اور ان کے امیدواران بھی صاف ماضی کے حامل ہیں انہوں نے کہا صاف ماضی کے باعث عوام انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدورا کو کامیاب کرائیں گے ۔