شہباز شریف ، خواجہ سعد رفیق اور سردار ایاز صادق کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر تھانہ سول لائنز کے ایس ایچ او سے رپورٹ طلب

منگل 17 جولائی 2018 12:51

شہباز شریف ، خواجہ سعد رفیق اور سردار ایاز صادق کیخلاف اندراج مقدمہ ..
لاہور۔17جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2018ء) لاہور کی سیشن عدالت نے نگران حکومت کو دھمکیاں دینے پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف دیگر مسلم لیگی رہنماؤں خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر تھانہ سول لائنز کے ایس ایچ او سے رپورٹ طلب کر لی۔

(جاری ہے)

لاہور کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فیاض احمد بٹر نے کیس کی سماعت کی،درخواست گزار عبداللہ ملک نے موقف اختیار کیا کہ بارہ جولائی کو سابق وزیراعظم نوازشریف کی آمد کے موقع پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت دیگر نے پریس کانفرنس میں نگران حکومت کو کھلے عام دھمکیاں دی ، انہوں نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کرنا نگران حکومت کی ذمہ داری ہے،شہباز شریف کے بھائی کو قانون کے مطابق عدالت نے سزا سنائی،امن و امان برقرار رکھنا نگران حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے،انہوں نے بتایا کہ پولیس ان کی درخواست کے باوجود فریقین کے خلاف مقدمہ درج نہیں کر رہی لہذا عدالت شہبازشریف سمیت دیگر لیگی رہنمائوں کے خلاف نگران حکومت کو مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کرے،جس پر عدالت نے تھانہ سول لائنز کے ایس ایچ او کوسات اگست کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔