دُبئی والوں کے لیے شاندار سفری خوشخبری

نو تعمیر شُدہ ٹنل کے ذریعے دُبئی ایئرپورٹ تک پہنچ آسان ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 17 جولائی 2018 12:43

دُبئی والوں کے لیے شاندار سفری خوشخبری
دُبئی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جُولائی 2018) دُبئی ایئرپورٹ کو مراکش سٹریٹس سے ملانے والی ٹنل 20 جولائی 2018ء کو عوام کے لیے کھول دی جائے گی۔ اس بات کا اعلان روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے کیا گیا۔ اِس ٹنل کے باعث اُم رمُول کے انتہائی گنجان آباد علاقے پر سے ٹریفک کا دباؤ خاصا کم ہو جائے گا۔اس علاقے میں بے شمار سکولوں کے علاوہ سرکاری اور نجی دفاتر بھی ہیں جس کے باعث یہاں اکثر ٹریفک جام رہتا ہے۔

یہ ٹنل ایئرپورٹ مراکش سٹریٹس جنکشن پراجیکٹ کا ایک حصّہ ہے۔ مذکورہ پراجیکٹ میں ایئرپورٹ سٹریٹ پر آنے جانے کے لیے تین تین رویہ والے دو پُلوں کی تعمیر بھی شامل ہے۔ جبکہ ڈاؤن ٹاؤن پُل سے دُبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 تک رسائی کے لیے ایک ریمپ بھی تعمیر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ایک اعلیٰ عہدے دار نبیل محمد صالح کے مطابق اس پراجیکٹ کے باعث مسافروں کے قیمتی وقت میں سے سات منٹ کی بچت ہو گی۔

مختلف فیزز پر روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے ایئرپورٹ سٹریٹس کے چار جنکشنز کے تمام پُل کھول دیئے تھے۔ جن میں سب سے پہلے الرشیدیہ جنکشن ہے جس میں ایئرپورٹ کی جانب آنے اور وہاں سے آنے والے تین تین رویہ والے دو پُل شامل تھے۔ جبکہ دُوسرا جنکشن ایئر پورٹ ناد الحمار سٹریٹس جنکشن پر دو رویہ ریمپ تعمیر کیا گیا۔ تیسرا مراکش ایئرپورٹ سٹریٹس جنکشن ہے جس میں تین تین رویہ والے دو پُل شامل ہیں اس کے علاوہ ایئرپورٹ ٹرمینل 3 کو جانے والا ریمپ بھی شامل ہے۔

اس فیز میں دُبئی ایوی ایشن انجینئرنگ پراجیکٹس کے احاطے میں لے جانے والا پُل بھی شامل ہے۔ جبکہ ایئرپورٹ سے کاسا بلانکا کو ملانے والے جنکشن نمبر 4 میں کی اپ گریڈنگ کی گئی ہے جس میں ایئرپورٹ سے کاسا بلانکا سٹریٹ جانے والی ٹریفک کی سہولت کے لیے یک رویہ ریمپ تعمیر کیا گیا ہے۔الغرود سے آنے والی ٹریفک کی ایئرپورٹ ٹرمینل نمبر 1 اور 3 تک رسائی کے لیے ایک متبادل سڑک بھی بنائی گئی ہے۔ جبکہ کاسا بلانکا سٹریٹ سے الغرود کی جانب جانے والی سڑک کو تین رویہ سے چار رویہ کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :