امریکا میں جاسوسی کے الزام میں روسی خاتون گرفتار

کل عدالت میں پیش کیا جائیگا

منگل 17 جولائی 2018 13:11

واشنگٹن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2018ء) امریکی حکومت نے 29 سالہ روسی خاتون پر سیاسی تنظیموں میں شامل ہو کر روسی حکومت کی جاسوسہ کے طور پر سازش کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ماریا بوتینا نے رپبلکن پارٹی میں شامل ہو کر اسلحے کے حق میں مہم چلائی تھی۔الزام کا تعلق اس تفتیش سے نہیں ہے جو 2016ء کے صدارتی انتخابات میں مبینہ مداخلت کے بارے میں جاری ہے۔

ان پرالزام ہے کہ بوتینا کریملن کے ایک اعلیٰ عہدے دار کی ہدایات پر کام کر رہی تھیں۔تاہم ان کے وکیل رابرٹ ڈرسکول نے ایک بیان میں کہا کہ ان کی موکلہ جاسوس نہیں ہیں بلکہ وہ بین الاقوامی امور کی طالبہ ہیں اور اپنی تعلیم کو بزنس میں کریئر بنانے کے لیے استعمال کر رہی تھیں۔

(جاری ہے)

بوتینا کوواشگٹن سے گرفتار کیا گیا تھا اور انھیں(آج) بدھ کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ایف بی آئی کے عہدیدار کیون ہیلسن نے کہا ہے کہ بوتینا کوامریکی شہریوں کے ساتھ ذاتی تعلقات استعمال کر کے امریکی سیاست پر اثرانداز ہونے کا کام سونپا گیا تھا تاکہ روسی فیڈریشن کے مفادات کو تقویت دی جا سکے۔استغاثہ کا کہنا ہے کہ بوتینا نے یہ کام اپنی سرگرمیاں امریکی حکومت کے پاس رجسٹر کروائے بغیر کیا۔الزام میں کہا گیا ہے کہ بوتینا روسی مفادات کو تقویت دینے کی خاطربااثر امریکی سیاست دانوں سے تعلقات بڑھنا چاہتی تھیں۔الزام کے مطابق وہ اپنی سرگرمیوں کی اطلاع روسی حکومت کو ٹویٹر کے ڈائریکٹ میسج کے ذریعے دیا کرتی تھیں۔