Live Updates

سپریم کورٹ نے فواد چوہدری کو الیکشن لڑنے کیلئے اہل قرار دے دیا

منگل 17 جولائی 2018 13:11

سپریم کورٹ نے فواد چوہدری کو الیکشن لڑنے کیلئے اہل قرار دے دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو الیکشن لڑنے کیلئے اہل قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق منگل کو جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے فواد چوہدری کے کاغذات نامزدگی منظور کیے جانے کیخلاف درخواست کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری کے مد مقابل جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار سید فخر حیدر کی جانب سے دائر درخواست عدالت نے سماعت مکمل ہونے کے بعد خارج کرتے ہوئے فواد چوہدری کو الیکشن لڑنے کیلئے اہل قراردے دیا۔

جسٹس عظمت سعید نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ نے کاغذات نامزدگی کے وقت اعتراض دائر نہیں کیا، نئی درخواست کے بجائے اپیل مسترد ہونے کے فیصلے کو چیلنج کرنا چاہیے تھا۔یاد رہے کہ رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری قومی اسمبلی کی نشست این اے 67 جہلم سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور ان کی نااہلی سے متعلق درخواستیں الیکشن ٹریبونل اور لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے بھی مسترد کی جاچکی ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات