چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا گلگت بلتستان میں روایتی رقص، ویڈیو وائرل

چیف جسٹس کے گلگت میں رقص سے عوام کی ایک بڑی تعداد محظوظ ہوتی رہی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 17 جولائی 2018 14:38

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا گلگت بلتستان میں روایتی رقص، ویڈیو وائرل
گلگت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جولائی 2018ء) : چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کے رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان اس وقت 5 روزہ نجی دورے پر گگت بلتستان میں موجود ہیں۔چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار گلگت کے روایتی رقص کے دلدادہ نکلے۔ سوشل میڈیا پر میاں ثاقب نثار کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں انہیں گلگت کے روایتی لباس میں مقامی افراد کے ساتھ گلگت بلتستان کی روایتی دھنوں پر روایتی رقص کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

چیف جسٹس کا رقص دیکھنے کے لیے لوگوں کی ایک بڑی تعداد اکٹھی ہو گئی اور چیف جسٹس کے رقص سے محظوظ ہوتی رہی اور وہاں موجود لوگوں نے چیف جسٹس کی رقص کرتے ہوئے ویڈیوز بھی بنائیں۔ چیف جسٹس نے رقص کے بعد اپنے ایک ساتھی کو گلے بھی لگایا۔

(جاری ہے)



 چیف جسٹس کے گلگت بلتستان میں کیے گئے رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی۔

سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے وائرل ہونے کےبعد صارفین نے بغیر پروٹوکول گلگت بلتستان میں موجود ہونے اور لوگوں میں گھُل مل جانے پر چیف جسٹس کو خوب سراہا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندہ وہی ہوتا ہے جو بلا خوف و خطر عوام کے درمیان موجود ہو اور اپنی سادگی سے عوام کے دلوں میں گھر کر لے ۔ اس سے قبل بھی چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کے کئی عوامی انداز دیکھنے میں آئے۔

اس سے پہلے چیف جسٹس آف پاکستان نے کراچی سینٹرل جیل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جیل کے قیدیوں کے لیے بنا ہوا کھانا خود کھایا اور معیار کا جائزہ لیا۔ جبکہ اس سے پہلے چیف جسٹس آف پاکستان نے 2005ء میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینے کے لیے بالاکوٹ جانے کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا تھا کہ جس نے جانا ہے ہمارے ساتھ آجائے لیکن وہاں سب اپنی جیب سے خرچ کریں گے ہم ڈھابے سے ہی کھانا کھا لیں گے۔ چیف جسٹس کے عوامی انداز اور بغیر پروٹوکول عوام میں گھومنے پر انہیں کافی سراہا جاتا ہے اور اپنے اسی عوامی انداز کی وجہ سے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار عوام کے دلوں میں گھر کر چکے ہیں۔