عراق، بدعنوانی اور بجلی کے خلاف مظاہرے،

8افراد جاں بحق، 192شدید زخمی نجف کا ہوائی اڈہ بند، مظاہرین کا کویتی سرحد پر قبضہ، انٹرنیٹ اور سماجی ذرائع ابلاغ کی ایپس بند

منگل 17 جولائی 2018 15:37

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2018ء) عراق میں بدعنوانی اور بجلی کے خلاف جاری مظاہروں میں 8افراد جاں بحق جب کہ 192شدید زخمی ہیں،نجف کا ہوائی اڈہ مظاہروں کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے، مظاہرین نے کویت سے ملحقہ سڑحد پر قبضہ کر لیا ، حکومت نے انٹرنیٹ اور سماجی ذرائع ابلاغ کی ایپس تک رسائی بند کر دی۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق عراق کے مختلف شہروں میں ہفتے بھر سے جاری احتجاجی مظاہروں میں 8 افراد جاں بحق جبکہ192 زخمی ہو گئے ہیں۔

یہ مظاہرے ملک میں بدعنوانی اوربجلی کی کمی کے خلاف کیے گئے تھے جبکہ مظاہرین کا یہ بھی مطالبہ تھا کہ انھیں ملازمتوں کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں اور سرکاری ملازمتوں میں بہتری لائی جائے۔یہ مظاہرے بصرہ میں شروع ہوئے تھے اور عراق کے دیگر شہروں تک پھیل گئے جن میں دھیکر، میسان، نجف، کربلا اور دارالحکومت بغداد میں کئے گئے۔

(جاری ہے)

عراقی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایاہے کہ مرنے والے 8افراد میں سے 2بصرہ میں،2نجف میں، 3السیماوہ اور ایک کربلا میں جاں بحق ہوئے۔

ترجمان نے بتایا مرنے والوں میں وزارت صحت کا ملازم میں بھی شامل ہے جوکہ مظاہروں کے دوارن کار حادثے میں جاں بحق ہوا جبکہ ایک اور ملازم تشویشناک حالت میں اسپتال داخل کرایاگیاہے۔نجف کا ہوائی اڈہ بند کر دیا گیا ہے۔ مظاہرین نے کویت سے ملحقہ سرحد پر قبضہ کر لیا ہے اور جنوبی عراق میں تیل کے اہم کنوں کو جانے والی شاہراہیں بند کر دی گئی ہیں۔حکومت نے انٹرنیٹ اور سماجی ذرائع ابلاغ کی ایپس تک رسائی بند کر دی ہے اور مظاہروں کو پھیلنے سے روکنے کے لئے انسداد دہشت گردی کے ایلیٹ یونٹ اور فوج بھیج دی ہے۔