شاہد آفریدی سانحہ مستونگ کے زخمیوں سے اظہار یکجہتی کےلئے پہنچ گئے

دھماکے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی امیدوار سراج رئیسانی سمیت 128افراد شہید ہوئے تھے

منگل 17 جولائی 2018 14:50

شاہد آفریدی سانحہ مستونگ کے زخمیوں سے اظہار یکجہتی کےلئے پہنچ گئے
کوئٹہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17جولائی 2018 ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی مستونگ میں ہونے والے دھماکے میں زخمی ہونےوالے افراد کی عیادت کرنے کے لیے بلوچستان پہنچ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق مستونگ میں ہونے والے دھماکے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی امیدوار سراج رئیسانی سمیت 141افراد شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے تھے، اس حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی ۔

دہشت گردی کی اس بہیمانہ واقعے پر قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پہلے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ”بلوچستان میں ایک اور نہایت بزدلانہ حملہ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ میری ساری دعائیں متاثرہ خاندانوں اور شہیدوں کے لئے ہیں، اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت فرمائے“۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے سابق کپتان آج کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے مستونگ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد سے سی ایم ایچ کوئٹہ میں ملاقات کی ،ملاقات کے بعد سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی کاکہنا تھا کہ ” سانحہ مستونگ میں زخمی ہونے والوں سے ملاقات ہوئی، شاہد آفریدی فاﺅ نڈیشن ان تمام افراد کی ہرممکن مدد کریگا۔

میری شہید سراج رئیسانی کے اہلخانہ سے بھی ملاقات ہوئی۔ بلوچستان کے لوگوں میں اس بار یہ مختلف دیکھا کہ انہوں نے دہشت گردی کے مشترکہ دشمن کو پہچان کر اس کیخلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں“۔
یاد رہے کہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں درینگڑ کے قریب بلوچستان عوامی پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران خودکش حملے کے نتیجے میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی سراج رئیسانی سمیت 141 افراد شہید جب کہ 150 افراد زخمی ہوگئے، سراج رئیسانی کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

واضح رہے کہ بنوں کے علاقے میں جے یو آئی (ف) کے رہنما اکرم خان درانی کے قافلے کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے تھے تاہم اکرم درانی اس حملے میں محفوظ رہے جبکہ 3 روز قبل پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران دھماکے میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرحوم رہنما بشیر بلور کے بیٹے اور اے این پی کے ’پی کے 78‘ کے انتخابی امیدوار ہارون بلور سمیت 13 افراد شہید ہوگئے تھے۔