شاہین ایئرلائن اور سول ایوی ایشن کے درمیان ڈیڑھ ارب روپے کی ادائیگی پر تنازع

شاہین ایئر کے سعودی عرب سمیت عالمی فلائٹ آپریشن آئندہ ہفتے معطل کیے جانے کا امکان ہے،معطلی سے قبل شاہین ایئر لائن کو نوٹس کے ذریعے مطلع کیا جائیگا ،ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی ہم نے سول ایوی ایشن کا خط چیلنج کردیا ہے ،ہمیں مالی مشکلات کا سامنا بلکل بھی نہیں ہے،ہم نے حالیہ دور میں اردن سے 6 طیارے خریدے ہیں،نمائندہ برائے شاہین ایئرلائن ذوہیب حسین

منگل 17 جولائی 2018 15:52

شاہین ایئرلائن اور سول ایوی ایشن کے درمیان ڈیڑھ ارب روپے کی ادائیگی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2018ء) سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے ای)اور شاہین ایئرلائن انٹرنیشنل (سائی) کے مابین ادائیگیوں کے تنازع کے حوالے سے شکوک شبہات جنم لینے لگے اور شاہین ایئر کی پروازیں جزوی طور پر معطل ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے،شاہین ایئر کے سعودی عرب کے علاوہ دیگر عالمی فلائٹ آپریشن کو آئندہ ہفتے سے معطل کیے جانے کا امکان ہے۔

منگل کو ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے ) پرویز جارج نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سول ایوی ایشن نے ابھی تک شاہین ایئرکی اندرونِ ملک اور سعودی پروازوں کیلئے اپنی سہولیات اور خدمات معطل نہیں کی تھیں،ڈیڑھ ارب روپے کی عدم ادائیگی کی بنا پر شاہین ایئر کی سعودی عرب کے علاوہ دیگر بیرونِ ملک پروازوں کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے ای) کی خدمات اور سہولیات کا سلسلہ 16 جولائی سے منقطع کیا جانا تھا۔

(جاری ہے)

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ اس سلسلے میں شاہین ایئر کو پہلے ایک نوٹس کے ذریعے مطلع کیا جائیگا اور میڈیا کے ذریعے بھی اعلان کیا جائیگا تا کہ مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔دوسری جانب نمائندہ برائے شاہین ایئر لائن ذوہیب حسن کا میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ ہائی کورٹ نے سول ایوی ایشن کی جانب سے 13 جولائی کو جاری کردہ مراسلے پر عملدرآمد روک دیا ہے،جس میں اتھارٹی نے سہولیات کی فراہمی روکنے کی دھمکی دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ شاہین ایئر نے سی اے اے کا خط چیلنج کردیا ہے جو خود 1994 کے سول ایوی ایشن رول 373 کی خلاف ورزی ہے۔اس کے ساتھ انہوں نے سول ایوی ایشن پر شاہین ایئر کیساتھ امتیازی سلوک کا الزام بھی عائد کیا، جبکہ تجارتی حلقوں میں پھیلی افواہوں کی بھی تردید کی جس میں کہا جارہا تھا کہ شاہین ایئر کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایئرلائن نے حال ہی میں اردن سے 6 طیارے خریدے ہیں،اور تمام ادائیگیاں وقت پر کی جارہی ہیں،صرف سول ایوی ایشن اور ایف بی آر کی کچھ ادائیگیوں کا تنازع ہے،اس کیساتھ انہوں نے ایئر لائن فروخت کیے جانے کی افواہیں بھی مسترد کردیں۔ان کا کہنا تھا کوئی ایک منافع بخش کاروبار کو کیوں فروخت کرنا چاہے گا۔