ہمیں اسلام کی اصل تعلیمات کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ،سردار مسعود خان

نوجوان نسل کو نہ صرف قرآن پاک پڑھنا سیکھنا چاہیے بلکہ اسکی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنے اندر بھائی چارہ ، برداشت، مذہبی رواداری کو پروان چڑھانا چاہیے اور اسلام کے نظام عدل و مساوات پر کارآمد ہونا چاہیے،صدر آزاد کشمیر

منگل 17 جولائی 2018 15:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیرسردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آج ہمیں اسلام کی اصل تعلیمات کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ہماری نوجوان نسل کو نہ صرف قرآن پاک پڑھنا سیکھنا چاہیے بلکہ اسکی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنے اندر بھائی چارہ ، برداشت، مذہبی رواداری کو پروان چڑھانا چاہیے اور اسلام کے نظام عدل و مساوات پر کارآمد ہونا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے تجوید القرآن ٹرسٹ کے بورڈ آف گورنرز کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے بطور کو چیئرمین (Co-Chairman TQT)تجوید القرآن ٹرسٹ شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اوقاف و مذہبی امور راجہ عبد القیوم خان، چیف سیکرٹری آزادکشمیر میاں وحید الدین، اکائونٹنٹ جنرل آزادکشمیر محمد ایاز خان، سیکرٹری امور دینیہ نذیر گیلانی، چیئرمین علماء و مشائخ کونسل عبیداللہ فاروقی، سیکرٹری خزانہ آزادکشمیر فرید احمد تارڑ ، پرنسپل سیکرٹری ہمراہ وزیر اعظم احسان خالد کیانی نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تجوید القرآن ٹرسٹ سے متعلق مختلف امور زیر غور آئے ۔ سیکرٹری امور دینیہ نے ٹرسٹ کے قیام کے مقاصد ، اس کی کارکردگی ، اس کے انتظامی و مالی اموراور اس کے زیر اہتمام چلنے والے مدارس کی تفصیل اور اس میں مجوزہ توسیع کے حوالے سے اجلاس کو بریف کیا۔ اجلاس مین یہ متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ ٹرسٹ کے زیر اہتمام چلنے والے 657مدرسوں میں تعینات قراء اور قاریات کے موجودہ اعزازیوں میں مبلغ دو ہزار روپے ماہوار اضافہ کیا جائے گا۔

اس وقت ان مدرسوں میں پینتالیس ہزار 45000/-کے قریب طلباء و طالبات قرآن پاک کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان بچوں کو قرآن پاک درست تلفظ کی ادائیگی کے ساتھ پڑھایاجاتا ہے نیز قرات بھی سکھائی جاتی ہے ۔ اجلاس میں سیکرٹری امور دینیہ کی جانب سے ایک ہزار نئے مدرسے کھولنے کی استدعا کی گئی۔ جس پر اصولی طور پر رضامندی کا اظہار کیا گیا لیکن ان مدرسوں کے قیام سے پہلے ایک جامع سٹرٹیجی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور اسے فنڈز کی دستیابی سے بھی مشروط کیا گیا۔

اجلاس میں پہلے سے قائم 657مدرسوں کی مانیٹرنگ ، ان کی کارکردگی جانچنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس ضمن میں محکمہ امور دینیہ ایک تفصیلی رپورٹ مرتب کر کے ٹرسٹ کے سامنے پیش کرے گا۔ اجلاس میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان جو تجوید القرآن ٹرسٹ کے چیئرمین بھی ہیں نے ٹرسٹ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :