شام میں موجود ایرانی خطرے سے نمٹنے تک فوجی انخلا ناممکن ہے، امریکا

داعش اور مشرق وسطی میں ایرانی خطرے کے خاتمے تک ہماری فوجیں شام میں موجود رہیں گی،جان بولٹن

منگل 17 جولائی 2018 16:30

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2018ء) امریکا نے شام میں موجود ایرانی خطرے سے نمٹنے تک فوجی انخلا ناممکن قرار دے دیا، شام میں داعش اور پورے مشرق وسطی میں ایرانی خطرے کے خاتمے تک ہماری فوجیں شام میں موجود رہیں گی۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق شام میں موجود امریکی فوج کے انخلا کی خبروں کے جلو میں وائیٹ ہاس نے باور کرایا ہے کہ جب تک شام میں ایران کا خطرہ موجود ہے اس وقت تک امریکی فوج شام سے واپس نہیں بلائی جائے گی۔

(جاری ہے)

امریکی قومی سلامتی کے مشیر جون بولٹن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شام میں داعش اور پورے مشرق وسطی میں ایرانی خطرے کے خاتمے تک ہماری فوجیں شام میں موجود رہیں گی۔خیال رہے کہ شام میں موجود فوج کی واپسی کے حوالے سے امریکی حکومت کے متضاد بیانات سامنے آتے رہے ہیں۔ گذشتہ اپریل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ شام سے فوجیں واپس بلانے کی تیاری کر رہے ہیں مگر ان کے اس اعلان کے بعد پینٹا گون نے مزید دسیوں فوجی شمالی شام میں تعینات کردیے تھے۔واشنگٹن نے کرد فورسز کے زیرکنٹرول منبج شہر میں اپنے دو فوجی اڈے بھی قائم کیے ہیں۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ شام میں داعش کے خلاف جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابیوں سے ایران کو فائدہ اٹھانے کاموقع نہیں دیا جائے گا۔