روپے کی قدر میں کمی کی ذمہ دار سابقہ حکومتیں ہیں ‘ ہارون خواجہ

قومی معیشت مستحکم نہ ہوئی تو کوئی حکومت کامیاب نہیں ہو گی،مشکل فیصلے کرنے ہونگے ‘کارنر میٹنگزسے خطاب

منگل 17 جولائی 2018 16:30

روپے کی قدر میں کمی کی ذمہ دار سابقہ حکومتیں ہیں ‘ ہارون خواجہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) پاکستان فریڈم موومنٹ کے چیئرمین اور این ای130 و پی پی159سے امیدوار ہارون خواجہ نے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی اور ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت کی ذمہ دار سابقہ حکومتیں ہیں جس کے موجود ہ معاشی حالات اور عوام کی زندگی پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ،ان حالات میںغیر ملکی قرضوں میں اضافے اور مہنگائی کے طوفان کو روکا نہیں جا سکتا اور اگر قومی معیشت مستحکم نہ ہوئی تو کوئی بھی حکومت کامیاب نہیں ہو سکے گی۔

ہارون خواجہ نے اپنے حلقہ ہائے انتخاب میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقتی مصلحتوں کو سامنے رکھتے ہوئے ہمارے کیے گئے فیصلوں کے منفی اثرات سامنے آ رہے ہیں اب مشکل فیصلے کرنے ہوں گے اور ٹیکس نیٹ میں اضافے اور قومی محصولات کے درست استعمال کو یقینی بنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے اکثر سیاسی جماعتوں اور اُن کے رہنماؤں کی معاشی پالیسیوں کے بارے میں دلچسپی ہی نہیں اور نہ ہی جاری انتخابی مہم میں معاشی ایشوز پر بات ہو رہی ہے لیکن پاکستان فریڈم موومنٹ اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیتی ہے چونکہ معیشت ہی کسی ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہوتی ہے ۔

ہارون خواجہ نے کہا کہ ترقی یافتہ ملکوں سے سبق سیکھتے ہوئے ہم اپنی اقتصادی حالت بہتر کیے بغیر عوام کو ترقی و خوشحالی سے ہمکنار نہیں کر سکتے اور تمام سیاسی رہنماؤں کو اس اہم معاملے پر رائے کا ضرور اظہار کرنا چاہیے ۔پاکستان فریڈم موومنٹ کی این ای130و پی پی159میں انتخابی سرگرمیاں جاری ہیں ، جلسے ہو رہے ہیں جبکہ ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم جاری ہے ،ہارون خواجہ کے ہمراہ مختلف مکتبہ فکر کے لوگ اُن کیلئے کنویسنگ کر رہے ہیں اور عوام سے 25جولائی کو کھجور کے درخت کے نشان پر مہر لگانے کی اپیل کی جا رہی ہے ،ہارون خواجہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پاکستان فریڈم موومنٹ کے تمام امیدواروں کی عوام کی طرف سے خاطر خواہ حوصلہ افزائی ہو رہی ہے اور انشاء اللہ کامیابی ہمارے قدم چومے گی ۔