پی سی بی کا مالی سال 2018-19کیلئی6ارب 40کروڑ روپے بجٹ کامنظور

ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے بجٹ میں 89فیصد کا اضافہ،کراچی، راولپنڈی اور ملتان کے اسٹیڈیم کے علاوہ لاہور، ملتان اور کراچی کی کرکٹ اکیڈیمیز اور انفراسٹرکچر سمیت دیگر اخراجات کیلئے 2ارب 66کروڑ روپے مختص

منگل 17 جولائی 2018 16:30

ؒٓلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے مالی سال 2018-19کے 6ارب 40کروڑ روپے بجٹ کی منظوری دے دی جس میں ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے گزشتہ برس کے مقابلے میں 89فیصد اضافہ کیا گیا۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی صدارت میں ہونے والے پی سی بی کے گورننگ بورڈ کے 49ویں اجلاس میں بورڈ کے آ ئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی جس میں آمدن کا ہدف 6ارب 40کروڑ اور اخراجات کا تخمینہ 5 ارب 70کروڑ روپے ہے۔

پی سی بی کے بجٹ میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے اخراجات شامل نہیں کیے گئے ہیں۔بجٹ میں رواں مالی سال آمدن میں 133فیصد اضافے کی توقع ہے اور اسی طرح ڈومیسٹک کرکٹ میں پچھلے سال کے مقابلے میں 89فیصد بڑھا دیا گیا اور مجموعی رقم 91کروڑ 36 لاکھ اور 60ہزار روپے ہوگی۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے بجٹ میں کرکٹ ڈویلپمنٹ، ٹیلنٹ ہنٹ، اکیڈیمیز اور دیگر پروگراموں پر ایک ارب روپے خرچ کیے جائیں گے جو کہ پچھلے سال کے مقابلے میں 52فیصد زیادہ ہے۔

کراچی، راولپنڈی اور ملتان کے اسٹیڈیم کے علاوہ لاہور، ملتان اور کراچی کی کرکٹ اکیڈیمیز کے علاوہ کرکٹ انفراسٹرکچر سمیت دیگر اخراجات کے لیے 2 ارب 66کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔گورننگ بورڈ کے اجلاس کے دوران کہا گیا کہ گزشتہ برس پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں ہی پی سی بی نے اپنا ہدف حاصل کرلیا ہے اور پی سی بی کی آمدن کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے جبکہ پی ایس ایل 2019 کا بجٹ تیسرے کوارٹر میں منظور کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

چیئرمین نجم سیٹھی نے اجلاس میں ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے مکمل کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔انھوں نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی اپ گریڈیشن کی وجہ سے پی ایس ایل کے فائنل اور ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز آمدنی ہوئی جبکہ اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا دوسرا مرحلہ جاری ہے۔چیئرمین پی سی بی نے ویمن کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ کی تبدیلی کے بعد ہونے والی بہتری سے بھی شرکا کو اگاہ کیا۔

انھوں نے قومی کرکٹ ٹیم کے مستقبل میں دورے کے پروگرام کے بارے میں بتایا کہ ٹیم 2018 سے 2023 کے دوران مختلف طرز کے مجموعی طور پر 123 میچ کھیلے گی۔پی سی بی کے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں بورڈ کے 5 سالہ اسٹریٹجک منصوبہ بھی زیر بحث رہا اور اراکین نے اپنی آرا دی۔شرکا نے ایشیا کپ کو بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کے لیے پی سی بی کی جانب سے کی گئی کاوشوں کو سراہا گیا۔