وزیر اعظم آزادکشمیر کی بلور خاندان سے اظہار تعزیت کیلئے پشاورآمد،غلام احمد بلور اور ہارون بلور کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت

ہارون بلور کی شہادت انتہائی المناک سانحہ ہے،بلور خاندان کے ساتھ اس غم میں برابر کے شریک ہے، راجہ فاروق حیدر

منگل 17 جولائی 2018 17:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان بلور خاندان سے اظہار تعزیت کے لیے پشاور گئے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے غلام احمد بلور اور ہارون بلور کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ہمراہ ممبر کشمیر کونسل عبدالخالق وصی ، چیئرمین زکو ةکونسل صاحبزادہ سلیم چشتی ، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ہارون بلور کی شہادت انتہائی المناک سانحہ ہے۔بلور خاندان کے ساتھ اس غم میں برابر کے شریک ہے، کشمیر ی عوام کی طرف سے دکھ کی اس گھڑی میں بلور خاندان سے اظہار یکجہتی کے لیے حاضرہوا ہوں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بلور خاندان تین نسلوں سے قربانیاں دے رہا ہے۔

جمہوریت کے لیے اس خاندان کی قربانیوں کو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی،تمام سیاسی ورکروں کو سلام پیش کرتا ہوں، سیاسی امیدواروں پر حملے کرنا الیکشن کو متاثر کرنا ہے۔ ملک میں الیکشن اپنے وقت پر ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام 25جولائی کو انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کر کے یہ ثابت کریں گے کہ وہ جمہوریت پسند ہیں۔

ملک کے مسائل اور بحرانوں کا واحدحل مضبوط اور مستحکم جمہوری نظام میں مضمر ہے۔ قوم اتحاد و یکجہتی کا مظاہر ہ کر کے ملک دشمن قوتوں کے تمام عزائم خاک میں ملا دے گی۔ ان تمام قائدین اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے مشکل ترین حالات میں انتخابی مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ پاکستان کے حالات سے مسئلہ کشمیر جڑا ہوا ہے۔

ایک مضبوط،مستحکم جمہوری پاکستان ہی کشمیریوں کی بین الاقوامی سطح پر موثر وکالت کر سکتا ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی امیدوں کا محور و مرکز ہے۔ ملک کے اندر گزشتہ کچھ عرصہ سے رونما ہونے واقعات پر اہل کشمیر پریشان ہیں اور یہ واقعات ہمارے لیے تکلیف کا باعث ہیں۔ اس موقع پر غلام احمد بلور نے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حید رخان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر اے این پی کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ وہ جلد بلوچستان بھی جائیں گے اور سانحہ مستونگ کے شہداء سے تعزیت کا اظہار کریں گے۔