صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں آئی بی اے کا کردار قابل تحسین ہے ،محمد زبیر

ادارے کی جانب طالب علموں کو دور حاضر کے مطابق سوشل سائنس میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی کا آغاز خوش آئند امر ہے،گورنر سندھ

منگل 17 جولائی 2018 17:15

صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں آئی بی اے کا کردار قابل تحسین ہے ،محمد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں آئی بی اے (IBA) کا کردار قابل تحسین ہے ، ادارے کی جانب طالب علموں کو دور حاضر کے مطابق سوشل سائنس میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی کا آغاز خوش آئند امر ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر ڈانابردی (Dr.DANA BURDE) فیلو ریسرچ، سینٹر فار اکنامک ریسرچ ،پاکستان ( سی ای آر پی)سے گورنر ھائوس میں ملاقات کے دوران کیا ۔

ملاقات میں ڈاکٹر فوزیہ مشتاق ، چیئرپرسن سوشل دیپارٹمنٹ سائنسز ، آئی بی اے اور دیگر بھی موجود تھے ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ سرکاری و نجی تعلیمی ادارے حکومت کے ساتھ مل کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئی بی اے سے فارغ التحصیل پروفیشنلز نہ صرف کراچی بلکہ صوبہ اور ملک کا بھی فخر ہیں کیونکہ وہ نہ صرف اپنی صلاحیتوں کو ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے استعمال کررہے ہیں بلکہ اپنے شہر اور مادر علمی کا نام روشن کررہے ہیں ۔

گورنرسندھ نے کہا کہ معیار تعلیم ، علمی ضروریات ، قومی تقاضوں اور عصر حاضر کے مطابق نصاب کی تیاری وقت کی اہم ضرورت ہے اس ضمن میں سوشل سائنسز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے میڈیا سائنس کے جدید کورسز متعارف کروانے سے اس شعبے میں مزید بہتری لائی جا سکے گی ۔ انہوں نے کہا کہ 25 جولائی 2018 ء کو ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات اپنی نوعیت کے اہم ترین انتخابات ہیں جن میں عوام کارکردگی کی بنیاد وں پر اپنے نمائندگان کا انتخاب کریں گے اس ضمن میں میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔

ڈاکٹر ڈانا بردی (DR.DANA BURDE) نے سی ای آر پی کے بارے میں گورنرسندھ کا بتایا کہ ان کا ارادہ ریسرچرز اور پالیسی سازوں کے مابین مربوط روابط کے لئے کام کررہا ہے تاکہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید بہتر اور جامع منصوبہ سازی عمل میں لائی جاسکے جس سے صوبہ میں رہنے والے افراد کی طرز زندگی میں مزید بہتری آئے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ادارے کے تحت نوجوانوں میں اعلیٰ تعلیم کے رجحان کے بارے میں سروے کرائے جارہے ہیں جو کہ بہت دلچسپ ہیں ۔

سرویز کے مطابق پاکستان باالخصوص صوبہ سندھ کا نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کررہا ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کو صحیح سمت میں رہنمائی فراہم کی جائے ، سروے کا مقصد بھی یہ ہی ہے کہ پالیسی سازی سے منسلک سرکاری اداروں کو تمام معلومات فراہم کی جائے تاکہ بہتر منصوبہ سازی ممکن ہو ۔ ڈاکتر فوزیہ مشتاق نے کہا کہ آئی بی اے اس پروجیکٹ میں ان کے ساتھ ہے تاکہ شہری و دیہی علاقوں کے مابین تعلیمی فرق کو کم سے کم کیا جائے ۔ گورنر سندھ محمد زبیر نے اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ سروے کے نتائج ان کے لئے بھی دلچسپی کا باعث ہیں کیونکہ وہ صوبہ کے تمام سرکاری جامعات کے چانسلر ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ ہر ضلع میں یونیورسٹی قائم کی جائے ۔