Live Updates

تحریک انصاف نہ صرف کراچی بلکہ تمام پاکستان میں خواتین کو مضبوط کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیگی،صائمہ ندیم

منگل 17 جولائی 2018 17:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف ویمن ونگ کراچی کی صدر صائمہ ندیم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا خواتین کے متعلق منشور اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نہ صرف کراچی بلکہ تمام پاکستان میں خواتین کو مضبوط کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کو پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صائمہ ندیم نے کہا کہ آج آپ سب کو انصاف ہاؤس میں مدعو کرنے کا مقصد اجتماعی طور پر خواتین کی مختلف پارٹیوں سے پی ٹی آئی میں شمولیت ہے۔ اس کے لیے میں حال ہی میں پی ٹی آئی میں شامل ہونے والی لیلیٰ پروین کی بے حد مشکور ہوں جن کی کاوشوں سے یہ خواتین آج ہمارے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

میں شامل ہونے والی تمام خواتین کو پی ٹی آئی میں خوش آمدید کہتی ہوں۔

مجھے امید ہے کہ وہ الیکشن کے اس موقعے پر ہمارا بھرپور ساتھ دیں گی اور مزید خواتین کو تحریک انصاف کا حصہ بنائیں گی۔ تحریک انصاف خواتین کو خاص اہمیت دیتی ہے۔ پی ٹی آئی کا خواتین کے متعلق منشور اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نہ صرف کراچی بلکہ تمام پاکستان میں خواتین کو مضبوط کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے گی۔انہوںنے کہا کہ آج جو خواتین پی ٹی آئی میں شامل ہوئی ہیں، ان کا تعلق ایم کیو ایم، فنکشنل لیگ ، اے پی ایم ایل اور پی ایم ایل این سے ہے۔

سلمیٰ صاحبہ سابق نائب صدر فنکشنل لیگ کراچی ، روبینہ اشفاق ، ٹی وی پروڈیوسر بھی ہیں اور فنکشنل لیگ سے تعلق رکھتی ہیں۔ طاہرہ خان ، اے پی ایم ایل کی امیدوار ہیں۔ فوزیہ خان اے پی ایم ایل کراچی کی نائب صدر ہیں۔ سلمیٰ بی بی کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے۔ صباحت ایم کیو ایم کے مرکزی سوشل میڈیا سے تعلق رکھتی ہیں۔ زارا ناصر کا تعلق پی ایم ایل این سے ہے۔

یہ سب خواتین آج پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہی ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما لیلیٰ پروین نے اپنے خطاب میں کہا کہ لوگ پوچھتے ہیں کہ آپ نے ایم کیو ایم چھوڑ کر پی ٹی آئی کیوں چنی۔ سیاسی پارٹی کوئی مذہب نہیں جسے بدلا نہ جاسکے۔ ہم نے دیکھا کہ بلا تفریق و تعصب ہر قومیت کا فرد پی ٹی آئی میں شامل ہو رہا ہے۔ ہمیں پی ٹی آئی میں تعصب کی بنیاد پر طعنہ نہیں دیاجاتا۔ اس لیے میں نے پی ٹی آئی کو چنا۔ مستقبل میں جب پی ٹی آئی کی حکومت آئے گی تو عمران خان کے تمام وعدے سچ ثابت ہوں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات