چھٹی آل پاکستان قومی خواتین شطرنج چمپئن شپ 2018 کا آغاز کراچی میں ہو گیا

منگل 17 جولائی 2018 18:50

چھٹی آل پاکستان قومی خواتین شطرنج چمپئن شپ 2018 کا آغاز کراچی میں ہو ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) 6th قومی خواتین شطرنج چیمپئن شپ کا باقاعدہ آغاز کراچی جیمخانہ کلب میں ہوگیا۔ جس میں ملک بھر سے منتخب شدہ 30 خواتین اور طالبات حصہ لے رہی ہیں۔ چیمپئن شپ کے ٹائٹل کا دفاع کراچی کی ذینوبیہ کر رہی ہیں انہیں چیمپئن شپ کی ٹاپ سیڈ کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ ذینوبیہ 1591 کی ریٹنگ کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہیں جبکہ لاہور کی سائرہ رفیق 1088 کی ریٹنگ اور مہک گل 1533 ریٹنگ کے ساتھ مشترکہ طور پر سر فہرست ہیں۔

چیمپئن شپ میں ایس ایم بی فاطمہ جناح اسکول کی 10 طالبات حصہ لے رہی ہیں۔ چیمپئن شپ کے پہلے 3 رائونڈز کی تکمیل کے بعد چیمپئن شپ کا پہلا اپ سیٹ طوبہ فاروق نے مہک گل کو شکست دے کر کیا۔ جبکہ باقی تمام رینکنگ کھلاڑی برتری لئے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

پہلے رائونڈ میں چیمپئن شپ کے قابل ذکر کھلاڑی ذینوبیہ واصف، مہک گل، امینہ زاہد، عینا شاہ، عارفہ ترین، ارسلانہ تنویر، روحینہ منصور اور سمرین مرزا نے برتری حاصل کی۔

چھٹی آل پاکستان قومی خواتین شطرنج چیمپئن شپ کا انعقاد کراچی جیمخانہ کلب کے تعاون سے سندھ شطرنج ایسوسی ایشن کی زیر نگرانی کیا جارہا ہے۔ جس کے لئے تمام تر مالی تعاون اور تکنیکی خدمات سندھ شطرنج ایسوسی ایشن فراہم کر رہی ہے اور عالمی شطرنج فیڈریشن (فیڈی) کے سند یافتہ انٹرنیشنل آربیٹر محمد واصف نثار، نیشنل آربیٹر وقار مدنی، احمد مجتبی جیلانی، نمرا اسد، عبداللہ ضیا اور احمد کمال مقابلوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

آج چیمپئن شپ کا ابتدائی مرحلہ مکمل ہوا جس میں 3 رائونڈز کھیلے گئے پہلے رائونڈ میں تمام قابل ذکر کھلاڑیوں نے اپنے اپنے رائونڈ جیت لئے اور کوئی اپ سیٹ دیکھنے میں نہیں آیا۔ چیمپئن شپ کے دوسرے رائونڈ میں ذینوبیہ واصف نے پہلے بورڈ پر سفید مہروں سے کھیلتے ہوئے حیدرآباد کی عینا شاہ سے اپنا مقابلہ جیت لی اور اس طرح 2 میں سے 2 پوانٹس بناکر سرفہرست رہی۔

دوسری ٹیبل پر لاہور کی مہک گل نے اپنی حریف عارفہ ترین سے مقابلہ جیت کر اپنی برتری برقرار رکھی۔ تیسرے بورڈ لاہور کی سائرہ رفیق نے کراچی کی ارسلانہ تنویر کو شکست دے کر اپنا میچ جیت لیا جبکہ دیگر مقابلوں میں ابیہا وسیم نے حمیرا فصیح کو علینہ نے روحینہ منصور کو، طوبہ فاروق نے امیمہ شاہ کو، سمرین مرزا نے انم امجد سے مقابلہ جیت لیا۔ چیمپئن شپ کے تیسرے رائونڈ میں ذینوبیہ نے ابیہا وسیم کو، سائرہ رفیق نے سمرین مرزا کو، ملیحہ نے علینہ زاہد کو، قائنات اصغر نے امیمہ فیصل کو، کشف کامران نے عینا شاہ کو، عارفہ ترین نے شرجیلہ کرن کو، رافعہ زائی نے ارسلانہ تنویر کو، روحینہ منصور نے حمیرا فصیح کو، اقرا ناز نے روشان تنویر کو شکست دے کر اپنے اپنے مقابلے جیت لیئے۔

تیسرے رائونڈ میں مہک گل کو سفید مہرے سے کھیلنے کے باوجود شکست کا سامنا رہا، طوبہ فاروق نان رینکنگ پلیئر نے مہک گل کو حیرت انگیر طور پر شکست دے کر چیمپئن شپ کا پہلا اپ سیٹ ریکارڈ کیا۔ اس طرح پہلے مرحلے میں تین رائونڈ کے اختتام پر ذینوبیہ واصف، ابیہا وسیم اور سائرہ رفیق 3، 3 پوائنٹس کے ساتھ مشترکہ طور برتری لئے ہوئے ہیں۔