وکلاء برادری کا نظام کی بہتری میں اہم کردار ہے،دوست محمدخان

عوام کو خدمات کی فراہمی کے سلسلے میں ججز اور وکلاء کا تعاون لائق تحسین ہے جس کا ہمیں اعتراف کرنا چاہیے ،نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا

منگل 17 جولائی 2018 20:08

وکلاء برادری کا نظام کی بہتری میں اہم کردار ہے،دوست محمدخان
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن پشاور کے نمائندہ وفد نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی ۔ وفد نے نگران وزیراعلیٰ کو بار ایسوسی ایشن کو درپیش مسائل اور وکلاء برادری کے مطالبات سے آگاہ کیا۔ نگران صوبائی وزراء انوارالحق اوراسد الله چمکنی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

جسٹس (ر) دوست محمد خان نے قانون کے مطابق مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ وکلاء برادری کا نظام کی بہتری میں اہم کردار ہے اور وہ ایک میجرسٹیک ہولڈر ہیں۔ عوام کو خدمات کی فراہمی کے سلسلے میں ججز اور وکلاء کا تعاون لائق تحسین ہے جس کا ہمیں اعتراف کرنا چاہیئے ۔ وفد نے جسٹس (ر) دوست محمد خان کو بطورنگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور وکلاء برادری کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء خیبرپختونخوا بار کونسل پشاور کے نمائندہ وفد نے بھی نگران وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے نگران وزیراعلیٰ کو کونسل کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے قانون کے اندر رہتے ہوئے دستیاب وسائل کے مطابق مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ بار کونسل صوبائی بار ایسوسی ایشن کی سپریم باڈی ہے۔ ہم قانون کے تحت کونسل کی اہمیت اور کردار کے معترف ہیں ۔ اُنہوںنے اُمید ظاہر کی کہ بار کونسل اور ایسوسی ایشنز نظام کی بہتری اور عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کے سلسلے میں اپنا بھر پور کردار جاری رکھیں گے ۔

متعلقہ عنوان :