کوئٹہ کے عوام وشہریوں کو پینے کے پانی کی فراہمی ،تعلیم وصحت کے اداروں کی فعالی ،امن وبھائی چارہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے،مولانا عبدالحق ہاشمی

جماعت اسلامی کے ارکان وکارکنان پی بی28پر امیدوار ڈاکٹر عطاء الرحمان کی کامیابی کیلئے بھر پور کام کریں، امیر جماعت اسلامی بلوچستان

منگل 17 جولائی 2018 20:23

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی،کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالکبیر شاکر ،امیدوار پی بی 28کوئٹہ ڈاکٹرعطاء الرحمان نے کہا کہ کوئٹہ کے عوام وشہریوں کو پینے کے پانی کی فراہمی ،تعلیم وصحت کے اداروں کی فعالی اور امن وبھائی چارہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے جماعت اسلامی کے ارکان وکارکنان پی بی28پر امیدوار ڈاکٹر عطاء الرحمان کی کامیابی کیلئے بھر پور کام کریں ۔

ایم ایم اے قوم کی ترجیح اور دینی جماعتوں کا اتحاد قوم کی خواہشات میں شامل تھی دینی ووٹرزاخلاص کیساتھ متحدہوگی تو کامیابی یقینی ہے کوئٹہ وبلوچستان پر حکمرانی کرنے والوں کی وجہ سے آج کوئٹہ میں پینے کاپانی ناپید اور عوام کی جان ومال محفوظ نہیں ۔

(جاری ہے)

سیلابی نالے اور کوئٹہ واٹرپراجیکٹ کے نام پر کروڑوں روپے کرپشن کی گئی مگر کوئی پوچھنے والا نہیں ۔

جب تک بلاتفریق رنگ ونسل سب کا احتساب نہیں ہوگا لوٹ مار ہوتی رہیگی ۔قوم 25جولائی کو نیک صالح دین دار ودین ودنیا کی تعلیم سے لیس افراد کو منتخب کریں تاکہ مسائل وپریشانیوں سے نجات مل سکیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابات کے حوالے سے منعقد ہ جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کے ماہانہ اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر پی بی 28پر الیکشن کے حوالے سے مشاورت بھی کی گئی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ عزت دار کو ووٹ دینے سے ہی ووٹ کی عزت بحال ہوگی ۔

جو لوگ ووٹ لینے کے بعد اسمبلیوں میں پہنچ کر قومی سرمایہ لوٹیں ، ان کو ووٹ دینے سے ووٹ کی عزت بحال نہیں ہوسکتی ۔ ووٹرزانتخابات کے دن احتیاط کرتے ہوئے ووٹ کی طاقت سے کرپٹ اشرافیہ کو شکست دیں ۔ انتخابات میں غریبوں سے دوستی کے دعوے کرنے او ر الیکشن کے بعد پانچ سال تک حلقے کے عوام کو منہ نہ دکھانے والے عوامی نمائندگی کا حق نہیں رکھتے ۔

حکمرانوں نے عوام سے ہی نہیں ملک سے بھی بے وفائی کی اور جس طرح عوام کے اعتماد کو بار بار ٹھیس پہنچائی ، اسی طرح ملک کے نظریے سے غداری کر کے ملک کو دولخت کردیا ۔ ستر سال سے عوام کی گردنوں پر مسلط ظالم جاگیردار اور بے رحم سرمایہ دار ہی غریب عوام کی خوشیوں کے قاتل ہیں اور اگر آج ملک میں غربت ، جہالت ، مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی اور لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ہیں تو اس کے اصل مجرم وہ حکمران ہیں جو بار بار پارٹیاں اور جھنڈے بدل کر اقتدار کے ایوانوں میں پہنچتے رہے اور قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے اور چوری کی دولت باہر منتقل کرتے رہے ۔

عوام ان لٹیروں کا محاسبہ کرنے اور انہیں ایوانوں کی بجائے جیلوں میں پہنچانے کے لیے متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دیں ۔ ہمارا وعدہ ہے کہ ان لٹیروں سے چوری کی دولت کی ایک ایک پائی وصو ل کر کے اسے عوامی مسائل کے حل کے لیے خرچ کریں گے ۔ عوام کو پینے کا صاف پانی ، تعلیم ، علاج ، روزگار اور چھت کی سہولتیں دینا ایم ایم اے کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ 25 جولائی لٹیروں کے ساتھ تمام حساب برابر کرنے کا دن ہے ۔ عوام الیکشن کے دن’’ کتاب ‘‘پر مہر لگا کر چوروں اور کرپٹ مافیا سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کرلیں ۔ جماعت اسلامی کا صوبہ بھر میں پھیلے ہوئے ارکان 25جولائی کو دیانت دار دین دارلوگوں کو ووٹ دیں تاکہ عوام کے مسائل حل اور عدل وانصاف کی اسلامی حکومت کی راہ ہموارہوجائیں ۔