اٹک کے عوام مجھ سے بے پناہ محبت کر تے ہیں ، میری کسی سے کوئی دشمنی نہیں فائرنگ کرنیوالوں کے کیا عزائم تھے ،

اس سے بھی لاعلم ہوں،مسلم لیگ ن کے امیدوار قومی اسمبلی این ای55اٹک شیخ آفتاب احمد کی حملے کے بعد میڈیا سے گفتگو

منگل 17 جولائی 2018 20:31

اٹک کے عوام مجھ سے بے پناہ محبت کر تے ہیں ، میری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ..
کامرہ کینٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2018ء) سابق وفاقی وزیر پارلیمانی امورمسلم لیگ ن کے امیدوار قومی اسمبلی این ای55اٹک شیخ آفتاب احمدنے اپنے اوپر اور اپنے بیٹے امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی ون اٹک اور انکے قافلہ پر دوران الیکشن مہم کے دوران فائرنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ میں ضلع اٹک سے 6بار الیکشن جیتا، عوام مجھ سے بے پناہ محبت کرتی ہے میری کسی سے کوئی دشمنی نہیں فائرنگ کرنیوالوں کے کیا عزائم تھے اس سے بھی لاعلم ہوں اس واقعہ پر دلی افسوس ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میں گائوں کامرہ سے انتخابی مہم کے سلسلہ میں جلسہ کر کے اپنے بیٹے سلمان سرور جوکہ صوبائی امیدوار ہیں انکے قافلہ کے ہمراہ رات بارہ بجے اٹک جا رہا تھا کہ اچانک نامعلوم افراد نے ہماری گاڑیوں پرفائرنگ کردی جو کہ فائر شیشوں کو لگے گاڑیوں میں سوار تمام افراد معجزانہ طور پر بچ گئے اس واقعہ کی اطلاع پر ہزاروں افراد ہمارے گھر تشریف لائے جس پر میں مشکور ہوں اور عہدکرتا ہوں اٹک وچھچھ کی عوام کی خدمت میں ہمیشہ کی طرح اپنا فرض نبھاتا رہونگا انہوں نے کہاکہ پہلے کی طرح الیکشن مہم جاری رکھونگا کوئی بھی طاقت ہمیں خدمت خلق کے مشن سے ہٹا نہیں سکتی۔