سانحہ مستونگ ملک کی تاریخ کا افسوسناک واقعہ ہے، اس باپ کا دکھ کون بیان کرسکتاہے جس کے تین بیٹے شہید ہوگئے

اوراس کے گھرمیں جنازوں کوکوئی کندھادینے والا نہیں بچا ایک قیامت تو دہشتگردوں نے ہم پر برپا کی تودوسری جانب الیکٹرانک میڈیا نے واقعہ کو نظرانداز کرکے ایک سیاسی رہنما کی واپسی کو جس انداز میں پیش کیا اس سے ہمارے زخموں پر نمک پاشی کی گئی،سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس کے چیئرمین میرکبیراحمدمحمدشہی کا سنیٹ میں خطاب

منگل 17 جولائی 2018 20:32

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2018ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس کے چیئرمین میرکبیراحمدمحمدشہی نے کہاہے کہ سانحہ مستونگ ملک کی تاریخ کا افسوسناک واقعہ ہے جس میں اب تک 213افراد شہید اور 157زخمی ہوچکے ہیں سانحہ سے ہر شخص سوگوار ہے اہل بلوچستان خون کے آنسورورہے ہیں میرے پاس الفاظ نہیں کہ میں اس ماں کا درد بیان کرسکوں جس کے سات بیٹے بغیر کسی قصور کے شہید ہوگئے اس باپ کا دکھ کون بیان کرسکتاہے جس کے تین بیٹے شہید ہوگئے اوراس کے گھرمیں جنازوں کوکوئی کندھادینے والا نہیں بچا ایک قیامت تو دہشتگردوں نے ہم پر برپا کی تودوسری جانب الیکٹرانک میڈیا نے واقعہ کو نظرانداز کرکے ایک سیاسی رہنما کی واپسی کو جس انداز میں پیش کیا اس سے ہمارے زخموں پر نمک پاشی کی گئی ان خیالات کااظہار انہوںنے گزشتہ روز سینیٹ میں خطاب کے دوران کیا میرکبیر نے کہاکہ جب ہم اپنے بزرگوںنوجوانوں اور پانچ سال کی عمر تک کے بچوں کی لاشوں کے ٹکڑے جمع کررہے تھے اس وقت تمام ٹی وی چینلز پر سابق وزیراعظم کی واپسی کی لمحہ بہ لمحہ خبر دی جارہی تھی الیکٹرانک میڈیا نے سانحہ مستونگ کوتیسرے درجے کی خبر کے طورپر نشرکیا جب گھروں سے دس دس جنازے اٹھائے جارہے تھے اس وقت میڈیا خاموش تھاجو آزادی صحافت اور اخلاقی اقدار کے منافی ہے میرکبیرنے کہاکہ ہم قیام امن اور ایک قوم ہونے کادعوی توبہت کرتے ہیں مگر افسوس کہ حقائق اس کے برعکس ہیں بلوچستان کو فنڈز آبادی جبکہ لاشیں رقبے کے لحاظ سے مل رہی ہیںسانحہ مستونگ نے آزاد میڈیا کی آڑمیں چھپے تمام چینلز کی حقیقت عیاں کردی کہ ٹی وی چینلز کو کسی نہ کسی سیاسی جماعت نے خرید رکھا ہے یہی وجہ ہے کہ بلوچستان میں کسی بھی دہشت گردی کے واقعہ کو نظرانداز کرکے سیاسی جماعتوں کے مفادات کا تحفظ کیاجارہاہے کوئی چینل ایان علی کو کئی کئی دن کوریج دے رہاہے تو کوئی دن رات سیاسی رہنما کی شادی اور طلاق کی خبروں کو نشررہاہے ۔