استحصال کا خاتمہ قریب ہے، اس بار ووٹ تقسیم نہیں منتقل ہوگا،آفاق احمد

منگل 17 جولائی 2018 21:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2018ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ کراچی کے لوگوں نے اس بار سمجھداری کا مظاہرہ کیا اور اپنا ووٹ ضائع کرنے کی بجائے مہاجر قوم کے انتخابی نشان موم بتی پر مہر لگائی تو انہیں ناصرف ایوانوں میں بلکہ اپنے علاقوں میں بھی بہتری نظر آئے گی اور انکا مقدمہ لڑنے والے لوگ انکے درمیان ہونگے جو ناصرف انکی آواز ایوانوں تک پہنچائیں گے بلکہ مسائل کا مستقل بنیادوں پر حل بھی نکلے گا۔

نیوکراچی میں مختلف برادریوں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ جنوبی سندھ صوبہ ہی ہمارے مسائل کا واحد حل ہے، ستر سال سے شہری سندھ کے لوگوں کے ساتھ جو ناانصافیاں روا رکھی گئیں اسکا خاتمہ 25جولائی کو اسی صورت ہوگا جب قوم اپنا ووٹ تقسیم کرنے کی بجائے مہاجر قومی موومنٹ کے نمائندوں کو منتقل کرے۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا کہ جنوبی سندھ صوبہ کا قیام ہماری جدوجہد کا بنیادی نکتہ ہے لیکن میں یہ بھی جانتا ہوں کہ منافقت زدہ ماحول میں کامیابی کیلئے طویل جدوجہد کرنا ہوگی جس کیلئے پوری قوم کو تیار ہونا پڑے گا اور اس بات کا عہد کرنا ہوگا کہ انتخابی نتائج خواہ کچھ بھی آئیں، جنوبی سندھ صوبہ کی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

آفاق احمد نے کہا کہ کراچی سمیت شہری سندھ کے عوام میں جنوبی سندھ صوبہ کی پذیرائی نے یہ بات ثابت کردی کہ عوام اب اپنے صوبے سے کم کسی بات پر تیار نہیں، مہاجر ماؤں، بہنوں اور بزرگوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس تحریک کی کامیابی کیلئے ناصرف دعا کریں بلکہ عملی اقدامات کیلئے بھی تیار ہوجائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن آتے ہی شہر کو لوٹ کا مال سمجھنے والوں نے یلغار کردی ہے جسے صرف اتحاد سے ہی ناکام بنایا جاسکتا ہے، قوم 25جولائی کو موم بتی پر مہر لگا کر باہر سے آنے والوں کو ناکام بنائے۔#