لاہور، بلاول بھٹو زرداری کے قافلے کو سیکورٹی دینے کی بجائے انہیں ریلی کرنے سے روکنے کی مذمت کرتے ہیں،قمر زمان کائرہ

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنی انتخابی مہم چلانے کیلئے لالہ موسیٰ آرہے تھے اور اس حوالے سے ہم نے انتظامیہ کو باقاعدہ طور پر آگاہ بھی کر دیا تھا،صدر پیپلزپارٹی وسطی پنجاب

منگل 17 جولائی 2018 22:09

لاہور،    بلاول بھٹو زرداری کے قافلے کو سیکورٹی دینے کی بجائے انہیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے گجرات کی انتظامیہ کی جانب سے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے قافلے کو سیکورٹی دینے کی بجائے انہیں ریلی کرنے سے روکنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنی انتخابی مہم چلانے کیلئے لالہ موسیٰ آرہے تھے اور اس حوالے سے ہم نے انتظامیہ کو باقاعدہ طور پر آگاہ بھی کر دیا تھا اور انہیں چیئرمین کے شیڈول کی تمام تفصیلات مہیا کر دی تھیں اور انتظامیہ سے بلاول بھٹو زرداری کیلئے سیکورٹی مانگی گئی تھی لیکن انتظامیہ نے سیکورٹی دینے کی بجائے بلاول بھٹو زرداری کی ریلی کے حوالے سے رکاوٹیں ڈالتے ہوئے ریلی کو منسوخ کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قوانین کی پاسداری کی ہے اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ گجرات کی انتظامیہ نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے راولپنڈی سے چلتے ہوئے لالہ موسیٰ آناتھا اور شیڈول کے مطابق راستے میں گجرات کے مقام پر کارکنوں سے خطاب بھی کرنا تھا لیکن گجرات انتظامیہ نے بلاول بھٹو زرداری کو گجرات میں ریلی نکالنے سے منع کر دیا ہے جو نہایت افسوسناک بات ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ گجرات انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔