کامونکے،تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال کے تمام میل اور فی میل ڈاکٹرز الیکشن ڈیوٹی پر لگادئیے گئے

الیکشن کے دن مریضوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑے گا،ڈاکٹروں کی ٹریننگ مکمل کرلی گئی

منگل 17 جولائی 2018 22:35

کامونکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2018ء) تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال کے تمام میل اور فی میل ڈاکٹرز الیکشن ڈیوٹی پر لگادئیے گئے ،الیکشن کے دن مریضوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑے گا،ڈاکٹروں کی ٹریننگ مکمل کرلی گئی ،تفصیلات کے مطابق تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال کامونکے میں ٹوٹل سات میل میڈیکل آفیسرز ہیں جن میں ڈاکٹر فیضان ،ڈاکٹر فرحان،ڈاکٹر اعجاز ،ڈاکٹر راشد،ڈاکٹر عثمان،ڈاکٹر عرفان رفیق،ڈاکٹرندیم کے علاوہ چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹر امتیاز ،ای این ٹی سپیشلسٹ ڈاکٹر عرفا ن ظفر،فی میل میں ڈاکٹر حناء ،ڈاکٹر اسماء اور ڈاکٹر سحر شامل ہیںجوکہ ایمرجنسی اور آئوٹ ڈور میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں الیکشن والے دن کے لئے ان سب کی ڈیوٹی لگادی گئی ہے جس سلسلہ میں تمام ڈاکٹروں کی ٹریننگ مکمل کروادی گئی ہے حاضری لگانے ،ٹریننگ کروانے کے سلسلہ میں متعدددن ڈاکٹرز ہسپتال میں نہ ہونے سے مریضوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ ھ رہاہے جبکہ الیکشن والے دن باالخصوص مریضوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑے گا ایم ایس کی طرف سے ان ڈاکٹروں کے علاوہ متبادل نام بھی دئیے گئے مگر انہوں نے پرانی لسٹوں کے مطابق ہی ڈاکٹروں کی ڈیوٹی لگادی ہے ،اس حوالہ سے رابطہ کرنے پر ایم ایس ڈاکٹر فیاض کھوکھر نے گفتگو کرتے ہوئے تمام ڈاکٹروں کی الیکشن ڈیوٹی کی تصدیق کردی ہے جبکہ مریضوں کو درپیش پریشانی کے حوالے سے سوال کے جواب میں ڈاکٹر فیاض کھوکھر نے بتایاکہ مریضوں کی ٹریٹمنٹ کے حوالے سے تو ہم فی میل ڈاکٹروں سے کام چلا لیں گے مگر الیکشن والے دن کوئی بھی واقع ہوسکتا ہے اس لئے ہسپتال میں مرد ڈاکٹروں کا ہوناضروری ہے کیونکہ میڈیکولیگل اور پوسٹ مارٹم وغیرہ میل ڈاکٹر ہی کرتے ہیں ،شہریوں نے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیاہے کہ ہسپتال کے ڈاکٹروں کی ڈیوٹی لگانے کی بجائے متبادل حل نکالاجائے تاکہ مریضوں کو طبی سہولیات کے حوالے سے کوئی پریشانی درپیش نہ آئے ،واضع رہے این اے 83 پی پی 61 اور پی پی 60 کے ٹوٹل عوام کے لئے یہ واحد تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال ہے جہاں پر مریض آتے ہیں ۔