بجلی اور ٹرانسپورٹ سمیت کراچی کے دیگر مسائل حل کرائیںگے،حافظ نعیم الرحمن

الیکشن کمیشن الیکٹرانک میڈیا پر چلنے والے کروڑوں روپے کے اشتہارات کا نوٹس لے،صحافیوں کے اعزاز میں ’’آم پارٹی ‘‘سے خطاب

منگل 17 جولائی 2018 23:35

بجلی اور ٹرانسپورٹ سمیت کراچی کے دیگر مسائل حل کرائیںگے،حافظ نعیم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر و صدر متحدہ مجلس عمل کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کے پانی ،بجلی ، ٹرانسپورٹ ،سیوریج ،صفائی ستھرائی اور قومی شناختی کارڈ جیسے بنیادی اور اہم مسائل حل کرائیںگے اور عوام کو ریلیف فراہم کریں گے ۔عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ نے کراچی میں پانی کے مسئلے کے حل کے لیے عملی اقدامات کئے اور اضافی پانی کی فراہمی کے منصوبے مکمل کیے ۔

الیکشن کمیشن الیکٹرانک میڈیا پر چلنے والے کروڑوں روپے کے اشتہارات کا نوٹس لے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کراچی شعبہ نشرواشاعت کے تحت صحافی برادری کے اعزاز میں روایتی’’ دعوت آم‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب سے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی و حلقہ این اے 243کے نامزد امیدوار ڈاکٹراسامہ رضی اورسکریٹری اطلاعات کراچی زاہد عسکری نے بھی خطاب کیا ۔

تقریب میں سینئر صحافیوں ،کالم نگاروں ،اخبارات کے ایڈیٹرز،نیوزایڈیٹرز،سٹی ایڈیٹرز،رپورٹرز،بیورو چیف ،الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں ،کیمرہ مینوں اور فوٹو گرافروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب سے قبل مستونگ ،بنوں اور پشاور کے شہداء کے لیے دعائے مغفرت، زخمیوںکی جلد صحت یابی اورلواحقین وپسمانگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں اس وقت امریکی غلاموں اور دینی قوتوں کے درمیان مقابلہ ہے ، حکمران آپس میں جزوی طور پر اختلاف کرتے نظر آرہے ہیں، ان دونوں پارٹیوں کا ہدف ایک ہی ہے اور وہ ہدف امریکا کی غلامی اور امریکی عزائم کو کامیاب کرانا ہے ،اس وقت ملک میں دو کیمپس بننے جارہے ہیں ،ایک امریکی سامراج کے خلاف اور دوسرا امریکی غلام کا ۔عوام کے ٹیکسوں کے پیسوں سے میڈیا کے ذریعے کروڑوں روپے کے اشتہار چلائے جارہے ہیں ۔

حکمرانوں نے 70سال میں ملک کو ترقی کے بجائے تنزلی کی طرف پہنچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں 1970سے حکومت کررہی ہے لیکن آج تک اس نے کراچی کا کوئی مسئلہ حل نہیں کیا ،پی ٹی آئی نے بھی کراچی کے عوام کی کوئی بات نہیں کی آخر یہ کس منہ سے کراچی میں ووٹ مانگ رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل دینی جماعتوں کا اتحاد ہے ،پورے ملک میں اور کراچی میں ایم ایم اے کی انتخابی مہم چل رہی ہے اور 15جولائی کو باغ جناح گراؤنڈ میں تاریخی جلسہ عام منعقد ہوا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ مشرف نے اپنے دور حکومت میں امریکا کو ملک میںکھلی چھوٹ دی ، قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو امریکا کے حوالے کیا ۔ آج پاکستان کی دونوں بڑی پارٹیوں میں مشرف کے لوگ ہی موجود ہیں جو پارٹیاں بدل بدل کر امریکا کے عزائم کو کامیاب کرنے میں لگے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ شہرمیں اس وقت پانی کا شدید بحران ہے،کراچی کی40فیصد آبادی پانی کے سنگین مسائل کا شکار ہے ، سابق مئیر کراچی عبد الستارافغانی نے پانی کے لیے K1اورK2منصوبہ بنایا اور کراچی کے شہریوں کو پانی فراہم کیا ۔

اس کے بعد سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے K3منصوبہ مکمل کیا اور K4منصوبہ پیش کیا۔K4منصوبہ اگلے چارسال تک مکمل ہونا تھاجو بدقسمتی سے آج تک مکمل نہیں ہوسکا ۔انہوں نے کہاکہ تمام پارٹیوں نے کراچی کے شہریوں کا استحصال کیا ، شہر کو اہل اور دیانت دار قیادت کی ضرورت ہے ،اگر اقتدار ملا تو شہر کو اس کی اصل کی جانب لائیں گے ، پانی ،بجلی ، ٹرانسپورٹ ،سیوریج ،صفائی ستھرائی اور قومی شناختی کارڈ جیسی بنیادی ضروریا ت کو حل کرائیںگے اور عوام کو ریلیف فراہم کریں گے ۔

ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا کہ جماعت اسلامی شعبہ نشرواشاعت کے تحت ہر سال روایتی تقریب ’’دعوت آم ‘‘منعقد کی جاتی ہے جس میں صحافی حضرات کا ہمیشہ سے تعاون رہا ہے ،ہم آج کی نشست کومستونگ کے شہداء کے نام کرتے ہیں اور وطن عزیز کے تحفظ کے لیے ملک کے ساتھ ہیں ،پورے ملک میں انتخابی فضا بڑھ رہی ہے جسے دھماکوں سے متاثر کرنے کی سازش کی جارہی ہے ۔

جن پڑوسی ممالک سے دوستی کی بات کی جاتی ہے آج وہی لوگ پاکستان میں ہونے والی تخریبی کاروائیوں میں مصروف ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان لا الہ الا اللہ کی بنیا د پر قائم کیا گیا تھا اور یہ مدینے کی ریا ست کے بعد دوسری اسلامی ریاست ہے ،ہم پاکستان کو اس کی اصل روح کے مطابق اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے ۔شہر کراچی اس وقت سیاسی تبدیلی کی کیفیت سے گزرہا ہے ،تبدیلی کا ایک بڑا جھونکا ہے جو چاروں طرف نظر آرہا ہے ،شہر میں وہ لوگ بھی الیکشن لڑرہے ہیں جو اس شہر میں کبھی نہیں آئے اور وہ لوگ بھی ہیں جنہوں نے ختم نبوتﷺ کے قانون میں ترمیم کی کوشش کی تھی ۔

ختم نبوت ﷺکے مسئلے پر عدالت نے دو نام پیش کیے جس میں ن لیگ کی انوشہ رحمان اور پی ٹی آئی کے شفقت محمود ہیں جنہوں نے ختم نبوت قانون میں ترمیم کی کوشش کی تھی،جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔