وزیراعظم آزاد کشمیراورگورنر خیبر پختونخوا کی ملاقات ،

آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کی مجموعی صورتحال،امن و امان،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، ایل او سی پر بلااشتعال بھارتی جارحیت سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال

منگل 17 جولائی 2018 23:38

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2018ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے منگل کے روز گورنرہاؤس پشاور میںگورنر خیبر پختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا سے ملاقات کی اور آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کی مجموعی صورتحال،امن و امان،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، ایل او سی پر بلااشتعال بھارتی جارحیت سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر خیبر پختوانخواانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے اس موقع پر آزاد جموںوکشمیر کی تعمیر و ترقی کیلئے وزیراعظم راجہ فاروق حید ر خان کی قیادت میں ان کی ٹیم کی کاردگی کو سراہا، اس موقع پر وزیراعظم آزاد جموں کشمیر نے بتایا کہ آزاد کشمیر کو پاک چین اقتصادی راہدری کا حصہ بنا لیا گیا ہے، مانسہرہ سے مظفرآباد تا میرپور موٹروے کے ساتھ آزاد کشمیر کے تمام اضلاع بالواسطہ یا بالاواسطہ منسلک ہو جائیں گے، توانائی کے دو بڑے منصوبے سی پیک کے تحت بن رہے ہیں جن میں کروٹ اور کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ دیگر کئی منصوبے بھی زیر غور ہیں۔ آئندہ پانچ سات برسوں میں آزاد کشمیر میں 8 ہزار سات سو میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔ آزاد کشمیر کی ضرورت پوری کرنے کے بعد تقریباً 8 ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گریڈ میں شامل ہو گی، اس طرح پاکستان کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے مکمل نجات مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر و ترقی کے علاوہ ہماری اولین ترجیح مسئلہ کشمیر کا حل ہے۔

اس سلسلہ میں ہم سفارتی سطح پر مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے حق میں آواز بلند کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کے عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خاموش ہے جو افسوسناک ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ خیبر پختوانخوا کے عوام نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی کھل کر حمایت کی جس پر ہم خیبر پختوانخوا اور خصوصاً پشاور کے عوام کے شکر گزار ہیں اس موقع پر گورنر خیبر پختوانخوا نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔