Live Updates

عمران خان نے نیب کے سامنے نہ پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا

الیکشن کی مصروفیات کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکتا،انتخابات کے بعد ترجیحی بینادوں پر حاضر ہوں گا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 17 جولائی 2018 22:30

عمران خان نے نیب کے سامنے نہ پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جولائی2018ء) :عمران خان نے نیب کے سامنے نہ پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا الیکشن کی مصروفیات کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکتا،انتخابات کے بعد ترجیحی بینادوں پر حاضر ہوں گا۔تفصیلات کے مطابق نیب آجکل بہت متحرک ہو چکی ہے بالخصوص جب سے جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب کی باگ ڈور سنبھالی ہے ،نیب نے کرپشن کے خلاف بڑا محاذ کھول دیا۔

ایک جانب شریف خاندان کے خلاف کیسسز تیزی سے منطقی انجام کی جانب جا رہے تودوسری جانب دیگر کرپٹ سیاسی و سرکاری شخصیات کے خلاف تیزی سے کاروائیوں کا سلسہ جاری ہے۔اس حوالے سے مسلم لیگ ن خاصی نالاں نظر آتی ہے۔انکا موقف ہے نیب کی حالیہ کاروائیاں سیاسی انتقام سے بڑھ کر نہیں ہے۔نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد اب احتساب کا رخ دوسری پارٹیوں کی جانب بھی ہونے لگا ہے۔

(جاری ہے)

سابق صدر آصف زرداری بھی نرغے میں آ چکے ہیں ۔بے نامی بینک اکاونٹس کے سسلسے میں انکا نام ایک مقدمے میں داخل کیا جا چکا ہے جبکہ اس کیس کے سامنے آنے کے بعد انکا اور انکی ہمشیرہ فریال تالپور کا نام بھی ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے جبکہ آج سابق صدر آصف زرداری نے سپریم کورٹ میں پیشی بھی بھگتی ۔تازہ ترین خبر کے مطابق نواز شریف اور آصف زرداری کے بعد عمران خان کی باری آگئی۔

عمران خان کو نیب عدالت نے سرکاری ہیلی کاپٹر کے غیر قانونی استعمال پر18جو لا ئی کو طلب کرلیا۔ نیب کی تفتیشی ٹیم کی جانب سے جاری کیا گیا نوٹس بنی گالہ کے ملازمین نے وصول کر لیا تھا، نوٹس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ذاتی طور پر بیان ریکارڈ کرانے کے لیے نیب پشاور طلب کیا گیا ہے۔ نیب کے پی کے نے سرکاری ہیلی کاپٹر غیر قانونی استعمال کرنے کے کیس میں عمران خان کے خلاف تمام مواد جمع کر لیا ہے،اس سے قبل نیب خیبر پختونخوا کی ٹیم کی درخواست پر چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال نے عمران خان کی طلبی کی اجازت دی۔

نیب کی جانب سے عمران خان کو ذاتی طور پر بیان ریکارڈ کرنے کے لیے نیب ہیڈ کوارٹر پشاور حاضر ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔تاہم اس حوالے سے سامنے آنے والی پیش رفت کے مطابق عمران خان نے نیب میں نہ پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔عمران خان نے نیب کو بھیجے گئے جواب میں کہا ہےکہ الیکشن کی مصروفیات کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکتا،انتخابات کے بعد ترجیحی بینادوں پر حاضر ہوں گا۔ یادرہے کہ سترہ مارچ دو ہزار اٹھارہ کو نیب پشاور نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف سرکاری ہیلی کاپٹر کے غیر قانونی استعمال کے کیس میں پانچ گواہوں کے بیان ریکارڈ کر لیے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات