Live Updates

25 جولائی کو شیر پر مہر لگا کر نواز شریف اور مسلم لیگ (ن ) کو کامیاب بنانا ہے ‘شہباز شریف

ان اندھیروں میں بھی منزل تک پہنچائیں گے ، اللہ نے موقع دیا تو پانچ سال میں کئی محاذ پر بھارت کو پیچھے چھوڑ دیں گے‘ جلسہ عام سے خطاب

منگل 17 جولائی 2018 23:53

25 جولائی کو شیر پر مہر لگا کر نواز شریف اور مسلم لیگ (ن ) کو کامیاب بنانا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ ملک میں ا نصاف کا بول بالا ہو اور خوشحالی آئے تو 25 جولائی کو شیر پر مہر لگائیں اور مسلم لیگ (ن ) کے قائد محمد نواز شریف اور ان کی صابزادی مریم کو ووٹ کی طاقت سے رہا کروائیں، 13 جولائی ایک سیاہ دن تھا جب باپ کے سامنے اس کی بیٹی کو گرفتار کیا گیا اور ایک بیٹی کے سامنے اس کے باپ کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا، 13 جولائی کو لاکھوں کی تعداد میں سڑکوں پر آ کرعوام کی عدالت نے نوازشریف کو بری کر دیا ہے، نوازشریف اپنی بیمار اہلیہ کو زندگی اور موت کی کشمکش میں چھوڑ کر اور یہ جانتے ہوئے کہ وہ آئے گا تو اسے اڈیالا جیل بھیج دیا جائے گا اس کے باوجود وہ آپ کے لیے واپس آیا ہے، نوازشریف کے فیصلہ میں جج نے صفحہ 171 پر خود لکھا ہے کہ نواز شریف پر کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی ، دوسری جانب جو کرپشن میں ڈوبے ہیں وہ آزاد پھر رہے ہیں ، الزام خان نے دنیا بھر کے کرپٹ لوگوں کوٹکٹیں دے دی ہیں ، نذر گوندل اور بابر اعوان جیسے کرپشن چیمپئن کو الزام خان نے گلے سے لگا کر ٹکٹ دے دیے کیا ایسے شخص کو ملک کی باگ دور دینی چاہیے یا پھر اسکو دینی چاہیے جس نے پنجاب میں ہسپتال بنائے، یونیورسٹیاں بنائیں، انڈر پاس اور سڑکیں بنائی، بچے اور بچیوں کو انڈومنٹ فنڈ کے تحت وظیفے دیے اور بے تحاشا فلائی و تعمراتی کام کروائے، آج میں بہت عاجزی سے بتانا چاہتا ہوں اس نوازشریف کو گرفتار کیا گیا ہے جس نے ملک سے اندھیرے ختم کر دیے، موٹر ویز کے جال بچھائے، ملک کو ایٹمی قوت بنایا، قوم کو سی پاک کا تحفہ دیا۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ شب علی پور چٹھہ اور نوشہرہ ورکاں ، گوجرانوالہ میں جلسوں سے خطاب کر رہے تھے، جلسہ گاہ میں مسلم لیگی کارکنان میں جوش و خروش دیکھنے کو ملا ، پارٹی کا انتخابی ترانہ بجایا گیا تو کارکنان نے بھنگڑے ڈالنے شروع کر دیے اور میاں صاحب آئی لیو یو کے فلگ شگاف نعرے بھی لگائے، جلسہ کے آغاز میں گوجرانوالہ میں شہباز شریف کے دور میں کئے گئے ترقیاتی کاموں پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی اس کے علاوہ مسلم لیگ (ن ) کے قائد میاں نواز شریف کا خصوصی پیغام بھی چلایا گیا جس میں میاں نوازشریف نے ووٹ کو عزت دوا ور شیر پر مہرلگانے کی اپیل کی ہے، اس موقع پر محمد شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ کے لوگو اگر یہ سچ ہے کہ اس ملک سے بجلی کے اندھیرے دور ہوئے،عوام کو سی پیک کا تحفہ ملا،ملک بھر میں موٹرویز کے جال بچھائے گئے تو 25 جولائی کو شیر پر مہر لگا کر نواز شریف اور مسلم لیگ (ن ) کو کامیاب بنانا ہے ،آپ دیکھیں الزام خان کے غبارے میں ہوا بھری گئی ہے پھر بھی الیکشن ہار رہا اور اس کے جلسے میںکرسیاں تو ہوتی ہیں لیکن آدمی کوئی نہیں ہوتا، اللہ کے فضل سے 25 جولائی الزامات کی شکست اور خدمت کی سیاست کی جیت کادن ہے اٹھواور چھا جائو۔

انہوں نے کہا کہ الزام خان کو سوائے الزام تراشی کی سیاست کرنے کے کوئی کام نہیں، اس نے مجھ پر سات سو بندے مروانے کا الزام لگایا ہے کوئی اس سے پوچھے کہ یہ بندے کہیں کوکین پینے سے تو نہیں مرے، پنجاب کی نگران حکومت کو مسلم لیگ (ن ) کے خلاف پرچے درج کرنے کے علاوہ کوئی کام نہیں،ہم نے کہا تھا کہ ہم اپنے قائد کا استقبال پر امن انداز میں کریں گے اور ہمارے وعدے کے مطابق 13 جولائی کو ایک گملہ نہیں ٹوٹا، کسی کے بکری نہیں چوری ہوئی ،پھر بھی ہمارے ورکرز اور سیئنر قیادت پر دہشت گردی کے پرچے درج کر دئے گئے ہیں، اگر عوام کی خدمت کرنا دہشت گردی ہے تو ہاں ہم نے یہ دہشت گردی کی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن اس ساری صورتحال پر کٹھ پتلی بنا ہوا ہے۔

ْمحمد شہباز شریف نے کہا کہ الزام خان جھوٹاخان خیبر پختونخواہ کو تباہ کرنے کے بعد اب پنجاب کو تباہ کرنا چاہتا ہے،اس نے 5سالہ حکومت میں نہ کوئی ہسپتال بنایا ،نہ کوئی یونیورسٹی بنائی، نہ کوئی سکول بنایا، نہ سڑکیں بنائیں پھر بھی خیالی وزیر اعظم بنا بیٹھا ہے۔یہ وہ شخص ہے کہ جب پشاور میں ڈینگی آیا تو عوام کو مشکل حال میں چھوڑ کر پہاڑوں پر بھاگ گیا ۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ نواز شریف کے ایٹمی دھماکے کرنے کے بعد بھارت ہماری جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھتا مگر حقیقت یہ ہے کہ وہ ہم سے کئی درجہ آگے نکل چکا ہے، پاکستان میں ڈالر اتنا مہنگا ہو گیا ہے ، مہنگائی کا طوفان ہے،اپنی جان لڑا دوں گا پاکستان کی معیشت کو کھڑا کروں گا، ان اندھیروں میں بھی منزل تک پہنچائیں گے ، اگر اللہ نے موقع دیا تو پانچ سال میں کئی محاذ پر بھارت کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات