رحیم یار خان پولیس کے سپیشل آپریشن یونٹ کی کچے کے علاقے میں کارروائی، آپریشن میںڈاکو نادر سکھانی مارا گیا

ڈاکوئوں کی قید سے گیارہ مغوی بیوپاریوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیاگیا

بدھ 18 جولائی 2018 00:02

رحیم یار خان پولیس کے سپیشل آپریشن یونٹ کی کچے کے علاقے میں کارروائی، ..
لاہور۔17جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام کی ہدایت پر رحیم یار خان پولیس اور سپیشل آپریشن یونٹ نے کچے کے علاقے میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے ڈاکوئوں کی قید سے موجود مویشیوں کے گیارہ مغوی بیوپاریوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ آپریشن میں قتل، ڈکیتی اور اغوا ء برائے تاوان کی متعدد سنگین واردارتوں میں مطلوب خطرناک ڈاکو نادر سکھانی ہلاک ہوگیا ۔

تفصیلات کے مطابق بارہ جولائی کی شب رحیم یار خان کچا ماذی کے علاقہ سے جانور خرید کر کشتی پر سوار ہوکر جانے والے بیوپاریوں کو نادر سکھانی اور اسکے ساتھیوں نے دریا کے اندر کشتی سمیت اغواء کر لیا تھا۔ اغواء ہونے والے افراد میں طالب حسین ، خان محمد، شفیق احمد، غلام حیدر،غلام مصطفی، بخشویندہ، جام دودا، عاشق ، رفیق احمد ، حسن بخش اور جام کوڑا تھے جنہیں نادر سکھانی نے پانچ روز تک کچے کے علاقے میں یرغمال بنائے رکھا، مغوی افراد کی بازیابی کیلئے آئی جی پنجاب نے آر پی او بہاولپور،ڈی پی او رحیم یار خان اور سپیشل آپریشن یونٹ کی ٹیموں کو فوری کاروائی کی ہدایت کی جس پر پولیس ٹیموں نے موثر کاروائی کرتے ہوئے تھانہ بنگلہ اچھا کے علاقے میں ڈاکونادر سکھانی کے خلاف کاروائی کا آغاز کیا ، دو روز تک جاری رہنے والے آپریشن میںڈاکو نادر سکھانی مقابلے میں مارا گیا جبکہ تمام گیارہ مغوی بیوپاریوں کو بحفاظت بازیاب کروالیا گیا ۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے آپریشن کو کامیابی سے سر انجام دینے پر رحیم یار خان پولیس اور سپیشل آپریشن یونٹ کے جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے بہادر اور فرض شناس افسروں اور اہلکاروں نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ پنجاب پولیس عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لئے ڈاکوئوں اور دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے لئے ہر لمحہ تیار رہتی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ رحیم یار خان پولیس اور سپیشل آپریشن یونٹ کے جوانوں نے پیشہ ورانہ تربیت اور مہارت کے ساتھ اس بات کا خاص خیال رکھا کہ ڈاکوئوں کے ساتھ مقابلے میں مغویوں کو نقصان نہ پہنچے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں عوام کی حفاظت اور سماج دشمن عناصر کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانا پنجاب پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔