فیصل آباد ایئر پورٹ سے پہلی حج پروازحجاز مقدس روانہ ہو گئی

منگل 17 جولائی 2018 23:20

فیصل آباد۔17جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2018ء) فیصل آباد ایئر پورٹ سے پہلی حج پرواز رات دو بجکر40 منٹ پر 99 عازمین حج کولیکر حجاز مقدس روانہ ہوئی ۔ ڈویژنل کمشنر آصف اقبال نے ایئر پورٹ پر عازمین حج کو الوداع کیا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن رائے واجد علی ‘ ایڈمن آفیسر ڈی سی آفس ریاض انجم ‘ چیف سیکورٹی آفیسر ایئر پورٹ سیکورٹی فورس عبیدالله ‘ ائیر پورٹ مینجر انور ضیاء‘ حج کمیٹی کے ارکان احسان شاہد ‘ حاجی امجد ‘چوہدری منیر احمد ‘ محمود عالم جٹ ‘ محمد قاسم اور دیگر کے علاوہ عازمین حج کے عزیز و اقارب موجود تھے ۔

ڈویژنل کمشنر آصف اقبال نے مقدس سفر پر روانہ ہونے پر عازمین حج کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ خوش نصیب ہیںجو حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عازمین حج مقدس سرزمین پر پاکستان کے سفیر کی حیثیت رکھتے ہیں لہذا مناسک حج کی ادائیگی کے دوران مثالی نظم و ضبط اور تحمل و برداشت کا مظاہرہ کیا جائے ۔ انہوںنے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ مقامات مقدسہ کی زیارت کے دوران ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی ‘ امت مسلمہ کے اتحاد اور اسلام کی سربلندی کی خصوصی دعائیں کریں ۔

انہوںنے عازمین کے لئے صحت و سہولت کے ساتھ فریضہ حج کی ادائیگی کی دعا کرتے ہوئے فیصل آباد ایئر پورٹ انتظامیہ اور حج کمیٹی کے ارکان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ الله کے مہمانوں کی خدمت بھی عظیم کار خیر ہے ۔ عازمین حج نے ڈویژنل کمشنر آصف اقبال و دیگر افسران اورحج کمیٹی کے ارکان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ الله تعالی کی توفیق سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے مقدس سفر پر روانہ ہو رہے ہیں اور دعائوں میں اپنے پیارے وطن اور ہم وطنوں کو نہیں بھولیں گے ۔